تلنگانہ: فارم ہوز پرچھاپہ۔ 50 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا
اطلاعات کے مطابق فارم ہوزکا مالک، جو آسانی سے دولت کمانا چاہتا تھا، آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعہ ''ٹراپ ہاؤس'' نامی اکاؤنٹ چلا رہا تھا، جس کے ذریعہ نوجوانوں کو لبھاکر اس پارٹی کا اہتمام کیا گیا تھا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے معین آبادبلدی حدودمیں ایک فارم ہوزپرپولیس نے چھاپہ ماراجہاں 50 نوجوان لڑکے اور لڑکیاں پارٹی کر رہے تھے۔ مصدقہ اطلاع پر ایس او ٹی پولیس نے اتوار کی رات چھاپہ مارا۔
چھاپہ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 50 نوجوان پکڑے گئے، جن میں 12 لڑکیاں اور 38 لڑکے شامل ہیں۔ ان میں سے کئی کم عمر (نابالغ) تھے۔ پولیس نے تمام افراد کے ڈرگ ٹسٹ کروائے، جن میں ایک نابالغ کے گانجہ استعمال کرنے کی تصدیق ہوئی۔ پولیس نے موقع سے 6 غیر ملکی شراب کی بوتلیں بھی ضبط کیں۔
اطلاعات کے مطابق فارم ہوزکا مالک، جو آسانی سے دولت کمانا چاہتا تھا، آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعہ ”ٹراپ ہاؤس” نامی اکاؤنٹ چلا رہا تھا، جس کے ذریعہ نوجوانوں کو لبھاکر اس پارٹی کا اہتمام کیا گیا تھا۔
انسٹاگرام پر فرضی آئی ڈی کے ذریعہ ”ایونٹ” کے نام پر انٹری فیس مقرر کی گئی تھی فی کس 1600 روپے اور جوڑوں کے لئے 2800 روپے، جن کے ساتھ شراب اور گانجہ بھی فراہم کیا جا رہا تھا۔
پولیس نے تمام 50 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے اور نابالغوں کے ارکان خاندان کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ پولیس نے کیس درج کر کے فارم ہوز کے منتظمین سے یہ معلوم کرنے کے لئے تحقیقات شروع کر دی ہیں کہ گانجہ کہاں سے حاصل کیا گیا۔