حیدرآباد: مالک کے گھر لاکھوں کی چوری کرنے والا باورچی گرفتار
شیکھر پچھلے تین سالوں سے ایک تاجر کے گھر باورچی کا کام کر رہا تھا۔ وہ حالیہ دنوں راجستھان گیا تھا جہاں اس کی ملاقات اپنے دوست رام کشن سے ہوئی جو وہاں جرائم کی کئی وارداتوں میں ملوث بتایا جاتا ہے۔
حیدرآباد: ایک گھریلو باورچی کو جس نے اس ماہ کے شروع میں اپنے مالک کے گھر سے سونا اور ہیرے چرائے تھے، منگل کو بنجارہ ہلز پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اس کے قبضہ سے پولیس نے 15 لاکھ روپے مالیتی طلائی زیورات اور ہیرے برآمد کرلئے۔
تفصیلات کے مطابق بنجارہ ہلز میں رہنے والے باورچی 31 سالہ چندر شیکھر نے جو راجستھان کا متوطن بتایا جاتا ہے، اپنے دوست رام کشن چودھری کے ساتھ مل کر 3 جنوری کو چوری کی سازش کی اور اسے انجام دیا۔
شیکھر پچھلے تین سالوں سے ایک تاجر کے گھر باورچی کا کام کر رہا تھا۔ وہ حالیہ دنوں راجستھان گیا تھا جہاں اس کی ملاقات اپنے دوست رام کشن سے ہوئی جو وہاں جرائم کی کئی وارداتوں میں ملوث بتایا جاتا ہے۔
شیکھر نے کشن کے سامنے اپنے آجر کے گھر میں موجود سونے اور ہیروں کے بارے میں بتایا جس کے بعد دونوں نے مل کر چوری کا منصوبہ بنایا۔
اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کشن نے راجستھان سے شیکھر کو ویڈیو کال کی اور عمارت کے جغرافیہ اور سرویلنس کیمروں کے نیٹ ورک کا اچھی طرح مطالعہ کیا۔
آخر کار 3 جنوری کو کشن حیدرآباد پہنچا اور تاجر کے گھر گیا جہاں اس کا دوست باورچی چندر شیکھر پہلے سے موجود تھا۔ کشن نے پہلے گھر میں سرویلنس کیمروں کے نیٹ ورک سینٹر جاکر کیمروں کے تار کاٹ ڈالے۔
اس کے بعد دونوں بیڈروم میں گئے اور الماری سے سونے اور ہیرے کے زیورات کا سرقہ کرلیا۔ بنجارہ ہلز پولیس انسپکٹر کے پروین کمار نے یہ بات بتائی۔
شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کے بعد شیکھر کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کرتے ہوئے مسروقہ مال برآمد کرلیا جبکہ اس کا ساتھی کشن فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ کشن کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔