تلنگانہ نے تقریباً 71 لاکھ ٹن دھان کی خریداری کر کے نیا تاریخی ریکارڈ قائم کیا
تلنگانہ کے وزیر سیول سپلائز و آبپاشی اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ ریاست نے موجودہ خریف سیزن (2025۔26) کے دوران تقریباً 71 لاکھ ٹن (70.82 لاکھ میٹرک ٹن) دھان کی خریداری کر کے ایک نیا تاریخی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر سیول سپلائز و آبپاشی اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ ریاست نے موجودہ خریف سیزن (2025۔26) کے دوران تقریباً 71 لاکھ ٹن (70.82 لاکھ میٹرک ٹن) دھان کی خریداری کر کے ایک نیا تاریخی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ تلنگانہ اور سابقہ متحدہ آندھرا پردیش کی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ خریداری ہے اور ملک کی کسی بھی دوسری ریاست نے اب تک یہ سنگ میل عبور نہیں کیا ہے۔
اس ریکارڈ خریداری کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے وزیر موصوف نے بتایا کہ اس مہم سے ریاست کے تقریباً 14 لاکھ کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچا ہے۔
کسانوں کو ان کی فصل کی اقل ترین امدادی قیمت کے طور پر 16 ہزار 606 کروڑ روپے ادا کئے گئے ہیں جبکہ باریک دھان اگانے والے کسانوں کو حوصلہ افزائی کے طور پر 1,425 کروڑ روپے کی اضافی بونس رقم بھی فراہم کی گئی ہے۔
اتم کمار ریڈی نے اسے سنکرانتی کے تہوار پر کسانوں کے لئے ایک بڑا تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔