تلنگانہ: ایس ایس سی امتحانات کیمروں کی نگرانی میں ہوں گے
مہر بند پرچہ سوالات کو کھولنے اور جوابی پرچوں کی دوبارہ پیکنگ کا سارا عمل سی سی کیمروں میں ریکارڈ کیا جائے گا۔ گزشتہ سال آندھرا پردیش میں دسویں جماعت کے پرچے لیک ہوئے تھے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے محکمہ تعلیم نے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کو غلطیوں کی گنجائش کے بغیر سخت نگرانی کے دوران منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے تحت تمام امتحانی مراکز میں یہ امتحانات سی سی کیمروں کی نگرانی میں ہوں گے۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہر امتحانی مرکز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مہر بند پرچہ سوالات کو کھولنے اور جوابی پرچوں کی دوبارہ پیکنگ کا سارا عمل سی سی کیمروں میں ریکارڈ کیا جائے گا۔ گزشتہ سال آندھرا پردیش میں دسویں جماعت کے پرچے لیک ہوئے تھے۔
اس کے پیش نظرمحکمہ تعلیم نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ یہ کیمرے چیف سپرنٹنڈنٹ کے کمروں میں لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ڈائرکٹر محکمہ امتحانات اے کرشنا راؤ نے ڈی ای اوز کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سرکاری اسکولوں کے تمام مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے موجود رہیں۔
دسویں جماعت کے امتحانات 3 تا 13 اپریل تک ہوں گے۔ ان امتحانات میں 5.1 لاکھ سے زیادہ طلباء شرکت کریں گے۔یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ امتحانی مراکز میں 3 میگا پکسل، 30 میٹر کی رینج اور 180 ڈگری تک کا سی سی کیمرہ ہونا چاہیے۔
اس کے ریکارڈ شدہ ڈیٹا کو محفوظ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سی سی ٹی وی فیڈز کے لیے مانیٹر نصب کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔
پرائیویٹ اسکولوں کے امتحانی مراکز میں متعلقہ اسکولس کے ذمہ داروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنے طور پر سی سی ٹی وی کیمرے لگوائیں۔ چیف سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ و ہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو مہربند لفافے میں محفوظ کریں اور امتحان کے آخری دن اسے ڈی ای اوز کے حوالے کریں۔