سوشیل میڈیا

تلنگانہ: سوشیل ویلفیر ہاسٹل میں خاتون پرنسپل کی بیئر نوشی، طالبات نے بوتلیں برآمد کرکے کیا احتجاج

ضلع سوریہ پیٹ کے بالیملا سوشل ویلفیئر ویمنس ڈگری کالج کے ہاسٹل کیمپس میں رہنے والی ڈگری طالبات نے اپنی خاتون پرنسپل کے خلاف شراب نوشی کے الزامات عائد کرتے ہوئے سخت احتجاج کیا۔

حیدرآباد: ضلع سوریہ پیٹ کے بالیملا سوشل ویلفیئر ویمنس ڈگری کالج کے ہاسٹل کیمپس میں رہنے والی ڈگری طالبات نے اپنی خاتون پرنسپل کے خلاف شراب نوشی کے الزامات عائد کرتے ہوئے سخت احتجاج کیا۔

متعلقہ خبریں
ورنگل میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کا بھرپور اہتمام
رامیا پیٹ میں ماڈل اسکول کی 12طالبات کو چوہوں نے کاٹ لیا (ویڈیوز)

طالبات نے بتایا کہ ہاسٹل کے کمرے خاتون پرنسپل اور ہاسٹل کی نگران (کیئر ٹیکر) استعمال کررہے ہیں اور راتوں میں دونوں مل کر بیئر پیتے ہیں اور بڑی آواز میں ہنسی مذاق کرتے ہیں جس کی وجہ سے طالبات کا وہاں رہنا دوبھر ہوگیا ہے۔

طالبات نے پرنسپل شیلجا اور ہاسٹل کی نگران خاتون کے ہاسٹل کمروں میں بیئر پینے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کے خلاف احتجاج کیا۔

طالبات نے بیئر کی بوتلیں برآمد کرکے پرنسپل اور اسٹاف کے زیر استعمال کمرے بند کردیئے۔

طالبات کا کہنا ہے کہ کیمپس میں کوئی بھی طالبہ ساری رات سو نہیں سکتی کیونکہ ہم سب خوف زدہ رہتے ہیں کہ کہیں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آجائے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حال ہی میں پرنسپل کے بیٹے نے ہمارے ہاسٹل میں پانچ دن گزارے۔ مشتعل طالبات نے پوچھا کہ کون سا قانون مردوں کو لڑکیوں کے ہاسٹل میں رہنے کی اجازت دیتا ہے؟

طالبات نے یہ بھی شکایت کی کہ جب انہوں نے اس بات پر اعتراض کرنے کی کوشش کی تو پرنسپل اور کیئر ٹیکر (نگران) نے انہیں مار پیٹ کا نشانہ بنایا۔

ایک طالبہ نے کہا کہ ہم بالغ ہیں، ووٹر آئی ڈی رکھتے ہیں اور گریجویشن کی طالبات ہیں، ہمیں کوئی بھی گمراہ نہیں کرسکتا اور نہ ہی ہمیں ڈرا دھمکا کر خاموش بٹھا سکتا ہے۔

طالبات نے مطالبہ کیا کہ پرنسپل شیلجا اور ان کی نگران سہیلی (کیئر ٹیکر) کو فوری طور پر ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔