تلگو اداکارہ کا نجی ویڈیو وائرل ہونے کا دعویٰ، قانونی کارروائی کی وارننگ
تلگو اداکارہ سریکھا وانی نے مبینہ نجی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ اداکارہ نے نجی مواد شیئر کرنے والوں کو قانونی کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے رازداری کا احترام کرنے کی اپیل کی۔
حیدرآباد: تلگو فلموں کی معروف اداکارہ سریکھا وانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہونے اور ان کے نجی مواد کو سوشل میڈیا پر بغیر اجازت پھیلائے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اداکارہ نے اس معاملے پر خاموشی توڑتے میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا یوسرز کو سخت انتباہ دیا ہے کہ وہ اس مواد کو شیئر کرنے یا دوبارہ پوسٹ کرنے سے گریز کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق، حالیہ دنوں میں ایک مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی، جس کے بعد اس کی حقیقت سے متعلق مختلف سوالات اٹھائے جانے لگے۔ بعض نے اسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ویڈیو بھی قرار دیا۔ تاہم، اداکارہ نے خود سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا ہے اور ان کا نجی مواد ان کی اجازت کے بغیر پھیلایا جارہا ہے۔
سریکھا وانی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ان کے نجی مواد کی غیر مجاز تشہیر ایک سنگین معاملہ ہے اور وہ اسے برداشت نہیں کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ محض ویوز، رسائی اور تشہیر حاصل کرنے کے لیے اس صورتحال کا فائدہ نہ اٹھایا جائے اور ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ اداکارہ نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدہ قرار دیا۔
سریکھا وانی تلگو فلم انڈسٹری کا ایک معروف نام ہیں۔ وہ متعدد فلموں میں معاون اداکارہ کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرچکی ہیں۔
ان کی بیٹی سپریتھا بھی اداکاری کے میدان میں قدم رکھ چکی ہیں اور اپنے فلمی کریئر کو آگے بڑھا رہی ہیں۔