انٹرٹینمنٹ

تلگوفلموں کی قزاقی کا معاملہ۔ای روی کی درخواست ضمانت مسترد

تلگوفلموں کی قزاقی کے معاملہ میں آئی بوما کے بانی ای روی کی ضمانت کی درخواست کو حیدرآباد کی نامپلی عدالت نے مسترد کر دیا ہے۔ کروڑوں روپے کے فلموں کی قزاقی اور بیٹنگ اشتہارات کے نیٹ ورک سے جڑے اس معاملہ میں روی کو 15 نومبر 2025 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

حیدرآباد: تلگوفلموں کی قزاقی کے معاملہ میں آئی بوما کے بانی ای روی کی ضمانت کی درخواست کو حیدرآباد کی نامپلی عدالت نے مسترد کر دیا ہے۔ کروڑوں روپے کے فلموں کی قزاقی اور بیٹنگ اشتہارات کے نیٹ ورک سے جڑے اس معاملہ میں روی کو 15 نومبر 2025 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

وہ حیدرآباد پولیس کی جانب سے درج پانچ مختلف مقدمات میں ضمانت کے لئے عدالت سے رجوع ہوا تھا۔ عدالتی کارروائی کے دوران پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ روی کے پاس دوسرے ملک کا پاسپورٹ بھی موجود ہے جس کے باعث اس کے بیرونِ ملک فرار ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ پولیس کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اس کی ضمانت کی تمام درخواستیں مسترد کردیں۔

سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے ای روی کو جنوبی ہند کی درجنوں فلموں اور او ٹی ٹی مواد کو غیر قانونی طور پر لیک کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ حکام کے مطابق یہ گرفتاری فلم انڈسٹری کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے جس سے ہزاروں کروڑ روپے کے ممکنہ نقصان کو روکا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق روی، جس نے پہلے گرفتاری سے بچنے پولیس کو چیلنج دیا تھا، فرانس سے واپسی کے بعد کوکٹ پلی کے ایک اپارٹمنٹ سے پکڑا گیا۔ اسے بین الاقوامی سرورس اور جدید مانیٹرنگ ٹولس کی مدد سے ٹریک کیا گیا۔ چھاپوں کے دوران اس کے قبضہ سے لیپ ٹاپس، بھاری ہارڈ ڈسکس، کمپیوٹرس اور فلموں کے ایچ ڈی پرنٹس ضبط کئے گئے۔

گرفتاری کے فوراً بعد اس کے بین الاقوامی بینک اکاؤنٹ میں موجود تین کروڑ روپے بھی منجمد کر دیئے گئے۔ روی کے خلاف تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں 40 سے زائد شکایات اور کئی فوجداری مقدمات درج ہیں جبکہ پولیس اس کے دیگر ساتھیوں اور مفرور ملزمین کی تلاش کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے چکی ہے۔