نامپلی میں فرنیچر کی دکان میں خوفناک آتشزدگی، 4 منزلہ عمارت آگ کی لپیٹ میں
آگ کی شدت کے باعث شعلے تیزی سے اوپری منزلوں تک پھیل گئے اور دھویں کے گھنے بادل دور دور تک دکھائی دینے لگے۔
حیدرآباد:حیدرآباد کے مصروف نامپلی اسٹیشن روڈ پر ہفتہ کی صبح اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک فرنیچر کی دکان میں اچانک شدید آگ بھڑک اُٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری چار منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق آگ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر واقع فرنیچر شاپ سے شروع ہوئی، جہاں بڑی مقدار میں لکڑی اور آتش گیر سامان موجود تھا۔ آگ کی شدت کے باعث شعلے تیزی سے اوپری منزلوں تک پھیل گئے اور دھویں کے گھنے بادل دور دور تک دکھائی دینے لگے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر حرکت میں آیا اور چار فائر انجن موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کے کام میں مصروف ہو گئے۔ ریسکیو عملہ بھی احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمارت کے اندر داخل ہو کر صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات میں عمارت کے اندر دو بچوں کے پھنسے ہونے کی خبر نے تشویش میں اضافہ کر دیا، جس کے بعد ریسکیو آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی۔ تاہم اس بارے میں سرکاری تصدیق کا انتظار ہے۔
آتش زدگی کی وجوہات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کے حکام نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی نقصان کی مصدقہ اطلاع نہیں ملی ہے۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔