امبیڈ کر کی یوم پیدائش کے دن 125 فیٹ اونچے مجسمہ کی نقاب کشائی
ویمولا پرشانت ریڈی نے کہاکہ یہ ایک بہترین مجسمہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں امبیڈکر کا یہ سب سے بڑامجسمہ ہے۔جس طرح امبیڈکر ملک کی بلند شخصیت تھی، اسی طرح وزیراعلی کی اونچی سونچ کے مطابق ہی اس اونچے مجسمہ کی تیاری کا کام کیاگیا ہے۔

حیدرآباد: شہرحیدرآباد میں 14اپریل کو دستورہند کے معمار ڈاکٹر بی آرامبیڈکر کی یوم پیدائش کے موقع پر ان کے 125فیٹ اونچے کانسہ کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی جائے گی۔
وزیرعمارات وشوارع ویمولا پرشانت ریڈی نے کہا کہ یہ مجسمہ سکریٹریٹ کے قریب نصب کیاگیا ہے تاکہ تمام حکمرانوں، عہدیداروں اور ملازمین کو امبیڈکر کی خدمات سے متاثر کیا جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ یہ ایک بہترین مجسمہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں امبیڈکر کا یہ سب سے بڑامجسمہ ہے۔جس طرح امبیڈکر ملک کی بلند شخصیت تھی، اسی طرح وزیراعلی کی اونچی سونچ کے مطابق ہی اس اونچے مجسمہ کی تیاری کا کام کیاگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ امبیڈکر کا مجسمہ،سکریٹریٹ کی عمارت اور شہداکی یادگاربہتر سونچ کا نتیجہ ہے۔وزرا، عہدیدار اورملازمین سکریٹریٹ کو روانگی اور واپسی کے دوران اس بلند مجسمہ اور شہدا کی یادگار کو دیکھ سکتے ہیں اور اس کو اپنے ذہنوں میں بٹھاسکتے ہیں۔ہماری سونچ امبیڈکر کے جذبہ کے مطابق ہونی چاہئے جنہوں نے دبے کچلے اور پسماندہ طبقات کو اونچا اٹھانے کے لئے کام کیا تھا۔
اسی طرح جب لوگ یادگارشہیداں کو دیکھیں گے تو انہیں اس بات کا احساس ہوگا کہ یہ تلنگانہ ریاست ان کی قربانیوں کے نتیجہ میں تشکیل دی گئی۔اگر اس طرح کے جذبات عہدیداروں کے رہیں گے تووہ حقیقی معنوں میں عوام کے لئے کام کریں گے۔وزیراعلی کی بہترین سونچ کے مطابق ان تینوں کو بنایاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کے امبیڈکر کے مجسمہ کی طرح یہ مجسمہ تیار کیاگیا ہے۔