’ووٹ چوری‘ کا الزام غلط، بے بنیاد الزامات سے الیکشن کمیشن نہیں ڈرتا: چیف الیکشن کمشنر
اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں برتاؤ کرتا ہے، کیونکہ ہر جماعت کا وجود الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کے بعد ہی ہوتا ہے۔
نئی دہلی: اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لگائے گئے ’ووٹ چوری‘ کے الزامات پر الیکشن کمیشن نے وضاحت پیش کی ہے۔
اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں برتاؤ کرتا ہے، کیونکہ ہر جماعت کا وجود الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کے بعد ہی ہوتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا، ’’کمیشن کے لیے کوئی حکمراں یا اپوزیشن جماعت نہیں، سب برابر ہیں۔ چاہے کوئی بھی سیاسی پارٹی ہو، کمیشن اپنے آئینی فرائض سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ پچھلے دو دہائیوں سے تقریباً تمام سیاسی جماعتیں ووٹر لسٹ میں غلطیوں کی نشاندہی اور ان کی درستگی کا مطالبہ کرتی آئی ہیں۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیشن نے بہار سے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کا آغاز کیا۔
اس عمل میں تمام ووٹروں، بوتھ لیول افسران اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے نامزد کیے گئے 1.6 لاکھ بی ایل ایز نے مل کر ووٹر لسٹ کا مسودہ تیار کیا ہے۔
گیانیش کمار نے مزید کہا کہ آئینِ ہند کے مطابق ہر وہ شہری جو 18 برس کی عمر کو پہنچے، اسے ووٹر کے طور پر رجسٹر ہونا اور ووٹ ڈالنا لازمی ہے۔
اپوزیشن کے الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حال ہی میں کئی ووٹروں کی تصاویر ان کی اجازت کے بغیر میڈیا میں دکھائی گئیں اور ان پر طرح طرح کے الزامات لگائے گئے۔
’’کیا کمیشن کو یہ زیب دیتا ہے کہ وہ ووٹروں، ان کی ماؤں، بہوؤں یا بیٹیوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج عام کرے؟‘‘ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹ میں جس کا نام ہوتا ہے، وہی اپنا امیدوار منتخب کرنے کے لیے ووٹ ڈالتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے عمل میں ایک کروڑ سے زائد سرکاری ملازمین، 10 لاکھ سے زائد بوتھ لیول ایجنٹس اور 20 لاکھ سے زائد امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس شامل ہوتے ہیں۔ ’’اتنی شفافیت کے باوجود کیا کوئی ووٹ چرا سکتا ہے؟
بعض جگہوں پر ڈبل ووٹنگ کے الزامات لگے، لیکن ثبوت مانگنے پر کچھ پیش نہیں کیا گیا۔ ایسے بےبنیاد الزامات سے نہ تو الیکشن کمیشن ڈرتا ہے اور نہ ہی کوئی ووٹر۔‘‘
گیانیش کمار نے واضح کیا کہ جب سیاستدان کمیشن پر حملہ کر کے بھارتی ووٹروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں تو ایسے وقت میں الیکشن کمیشن سب کو یقین دلانا چاہتا ہے کہ ہم تمام غریب، امیر، خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں سمیت ہر طبقے اور ہر مذہب کے ووٹروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے تھے، ہیں اور رہیں گے۔