کانگریس اور بی جے پی کے درمیان گٹھ جوڑ۔ کوئی واضح نظریہ یا اصول باقی نہیں رہے:ہریش راو
تلنگانہ کے سابق وزیر ہریش راؤ نے ریاست میں میونسپل چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کے لئے کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہونے والے گٹھ جوڑ پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ایک غیر قانونی اتحاد قرار دیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے سابق وزیر ہریش راؤ نے ریاست میں میونسپل چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کے لئے کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہونے والے گٹھ جوڑ پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ایک غیر قانونی اتحاد قرار دیا۔
حیدرآباد کے تلنگانہ بھون میں سابق وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراوکی سالگرہ کے موقع پر بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راو کے ساتھ کیک کاٹنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ آج کانگریس اور بی جے پی کے پاس کوئی واضح نظریہ یا اصول باقی نہیں رہے ہیں کیونکہ دونوں جماعتوں کے قائدین صرف عہدوں کے حصول کے لئے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے چندرشیکھرراو وہ عظیم لیڈر ہیں جنہوں نے تلنگانہ کی خاطر اپنے عہدوں کو ٹھکرا دیا تھا جبکہ تاریخ میں ان پر جتنی تنقید کی گئی اور الزامات لگائے گئے شاید ہی کسی اور لیڈر کو اتنے کڑے وقت سے گزرنا پڑا ہو۔
ہریش راؤ نے مزید کہا کہ چندرشیکھرراوکے خلاف کتنی ہی سازشیں کیوں نہ کی گئی ہوں انہوں نے اپنی ہمت اور استقامت سے علحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب پورا کر دکھایا اور آج وہ پوری ریاست کے عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ میونسپل انتخابات نے ان سیاسی جماعتوں کے اصل چہرے بے نقاب کر دیئے ہیں جو صرف اقتدار کی خاطر اپنے اصولوں کا سودا کرنے کے لئے تیار ہیں۔