آندھرا پردیش اسمبلی کے اجلاس کا 11 نومبر کو آغاز
یہ تلگو دیشم کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے لئے ایک اہم پیش رفت ہے جو چار ماہ قبل تشکیل دی گئی تھی۔ موجودہ علی الحساب بجٹ نومبر کے آخر میں ختم ہونے والا ہے۔
حیدرآباد: آندھرا پردیش اسمبلی کے اجلاس کا 11 نومبر کو آغازہوگا۔ ریاستی حکومت اسی دن صبح 10 بجے سالانہ بجٹ پیش کرے گی۔
یہ تلگو دیشم کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے لئے ایک اہم پیش رفت ہے جو چار ماہ قبل تشکیل دی گئی تھی۔ موجودہ علی الحساب بجٹ نومبر کے آخر میں ختم ہونے والا ہے۔
چندرا بابو نائیڈو حکومت اجلاس کے پہلے دن ایک جامع بجٹ پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ بجٹ پیش کرنے کے بعد، اسمبلی اجلاس کم از کم دس دنوں تک جاری رہنے کی توقع ہے، جس دوران حکومت بجٹ کی تجاویزکے ساتھ مختلف بل پیش کرے گی۔
تلگودیشم کی قیادت والی این ڈی اے مخلوط حکومت کے باگ ڈور سنبھالنے کے بعد، بگڑتی ہوئی مالی صورتحال کی وجہ سے جولائی میں علی الحساب بجٹ کو دوبارہ منظور کیا گیا، جس میں گورنر کے ذریعہ نومبر تک چار ماہ کے لیے عارضی بجٹ منظور کیا گیاتھا۔
مخلوط حکومت اپنا مکمل بجٹ پیش کرنے کے لیے تیار ہے، جس کا مقصد آنے والے مالیاتی چیلنجوں سے نمٹنے اور ریاست کی مالیاتی پالیسی کے لیے لائحہ عمل طے کرنا ہے۔