مشرق وسطیٰ

شہید آیت اللہ خامنہ ای کا جسد خاکی آج قُم لے جایا جائے گا

شہید رہبر معظم کی مرکزی نماز جنازہ میں ڈیڑھ کروڑ کے قریب افراد نے شرکت کی تھی، اس کے علاوہ تقریباً 100 ممالک کے اعلیٰ سطح وفود بھی شریک ہوئے تھے۔ اس بڑے اور تاریخی جنازے میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی فوج کے اعلیٰ کمانڈروں سمیت ملک کی پوری سیاسی اور عسکری قیادت شریک ہوئی۔

تہران: ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسد خاکی آج بذریعہ ہیلی کاپٹر تہران سے قُم لے جایا جائے گا۔

امریکہ اور اسرائیل کے حملے میں خاندان سمیت شہید سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور سوگ کی تقریبات جاری ہیں۔ گزشتہ روز تہران میں تین مقامات پر شہید رہبر معظم کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس کے بعد آج ان کا جسد خاکی بذریعہ ہیلی کاپٹر دارالحکومت سے قُم لے جایا جائے گا۔

قُم میں نماز جنازہ اور عوامی آخری دیدار کے بعد کے بعد جسد خاکی کو تدفین سے قبل عراق کے شہر نجف اور کربلا معلیٰ بھی لے جایا جائے گا، جہاں لاکھوں لوگ ان کا آخری دیدار کر سکیں گے۔

عراق سے شہید کی میت کو ان کے آبائی شہر مشہد لایا جائے گا۔ جہاں 9 جولائی کو انہیں امام رضا کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز تہران کے بڑے مذہبی مرکز امام خمینی مصلیٰ میں سابق سپریم لیڈر، ان کی صاحبزادی بشریٰ خامنہ ای، داماد مصباح الہدیٰ باقری، بہو زہرا حداد عادل اور ان کی معصوم و کم سن نواسی زہرا محمدی کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ یہ جنازہ مشہور عالمِ دین آیت اللہ جعفر سبحانی نے تین مراحل میں پڑھایا۔

شہید رہبر معظم کی مرکزی نماز جنازہ میں ڈیڑھ کروڑ کے قریب افراد نے شرکت کی تھی، اس کے علاوہ تقریباً 100 ممالک کے اعلیٰ سطح وفود بھی شریک ہوئے تھے۔ اس بڑے اور تاریخی جنازے میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی فوج کے اعلیٰ کمانڈروں سمیت ملک کی پوری سیاسی اور عسکری قیادت شریک ہوئی۔

شہید رہنما کے تین بیٹے میثم، مسعود اور مصطفیٰ خامنہ ای پہلی صف میں موجود تھے، تاہم ان کے چوتھے بھائی اور ایران کے موجودہ نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سکیورٹی کے سخت خدشات کی وجہ سے اپنے والد کے جنازے میں شامل نہیں ہو سکے۔

شیہد آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسد خاکی تین روز سے عوام کے دیدار کے لیے تہران کے مصلیٰ امام خمینی کمپلیکس میں بھی رکھا گیا، جہاں کروڑوں افراد نے اپنے محبوب لیڈر کا آخری دیدار کر کے انہیں آنسوؤں اور سسکیوں کے ساتھ الوداع کہا۔