جنوبی بھارت

اوڈیشہ ٹرین حادثہ کی اصل وجہ کاپتہ چل گیا

اشونی ویشنو نے کہا کہ حادثے کی وجوہات اور اس کے ذمہ داروں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین حادثے کی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہے اور ریلوے سیفٹی کمیشن جلد ہی اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔

بالاسور: وزیرریلوے اشوینی ویشنو نے اتوار کے دن کہا کہ اوڈیشہ ٹرین حادثہ کی اصل وجہ اور اس کے ذمہ دارافراد کی شناخت ہوگئی ہے۔ مقام حادثہ پر بچاؤ کا کام ختم ہوگیا۔

متعلقہ خبریں
ٹرین کی زد میں آکر جنگلی ہاتھی کی موت
ٹاملناڈو ٹرین حادثہ، مرکز پر راہول گاندھی کی تنقید
ٹرین حادثہ، اے پی مہلوکین کے ورثا کو فی کس10لاکھ روپے ایگس گریشیا

 ریلویز کو توقع ہے کہ آئندہ چند دن میں متاثرہ پٹریوں پر ٹرینیں پھر سے چلنے لگیں گی۔ کووچ سسٹم پر بحث کے بیچ کانگریس نے وزیرریلوے کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ اس نے پوچھا کہ مودی حکومت‘ یہ سسٹم جس کا بڑا چرچہ ہے‘ کب لگائے گی۔

اشوینی ویشنو نے کہا کہ ٹرین حادثہ کا اس سسٹم سے کوئی لینادینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی الیکٹرانک انٹرلاکنگ میں ہوئی تھی جس کے نتیجہ میں حادثہ پیش آیا۔ وزیرریلوے ایک اور مرکزی وزیر دھرمیندرپردھان کے ساتھ مقام حادثہ پر پڑاؤ ڈالے ہوئے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک پوائنٹ مشین‘ ریلوے سگنلنگ اور الیکٹرانک انٹرلاکنگ میں اہم آلہ ہوتی ہے۔ اس پوائنٹ کی سیٹنگ تبدیل کردی گئی تھی۔ کیوں اور کیسے یہ سیٹنگ بدلی گئی‘ اس کا پتہ تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد چلے گا۔حادثہ کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔ میں تفصیلات میں پڑنانہیں چاہتا۔ رپورٹ کو آنے دیجیئے۔

میں صرف اتناکہہ سکتا ہوں کہ اصل وجہ اور ذمہ داری افراد کی نشاندہی ہوگئی ہے۔ چیف منسٹراوڈیشہ  نوین پٹنائک نے اتوار کے دن فون پر وزیراعظم سے بات چیت کی اور انہیں تازہ صورتحال کی جانکاری دی۔ وزیراعظم نے اوڈیشہ کے عوام کی ستائش کی کہ انہوں نے بحران کی گھڑی میں اچھا ساتھ دیا۔

 نوین پٹنائک نے اعلان کیاکہ ان کی حکومت اوڈیشہ سے تعلق رکھنے وا لے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 5لاکھ روپئے ایکس گریشیا دے گی۔ دھرمیندرپردھان نے کہا کہ ریسیکیوورک ختم ہوگیا ہے۔ اب بڑا چالینج متاثرہ پٹریوں کی بحالی ہے۔

توقع ہے کہ منگل تک متاثرہ پٹریوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوجائے گی۔ ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایاکہ ہماری ٹیمیں دن رات کام کررہی ہیں۔ کم ازکم 2لائنوں (اپ اینڈڈاؤن) کی بحالی بعجلت ممکنہ ضروری ہے۔ ریلوے عہدیداروں نے کہا کہ پٹری سے اترنے والے تمام 21ڈبے گراؤنڈ کردئیے گئے ہیں یعنی انہیں ہٹادیاگیا۔

اشوینی ویشنو نے کہا کہ تقریباً300 مہلوکین کے ورثاء کو معاوضہ دے دیاگیا ہے۔ اپوزیشن کانگریس نے وزیرریلوے کے استعفیٰ کے مطالبہ کے علاوہ یہ بھی کہاکہ وزیراعظم کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئیے۔ کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ وزیراعظم کوپہلے اپنے وزیرریلوے کو برخاست کردیناچاہئیے۔ رکن راجیہ سبھا کپل سبل نے بھی حکومت کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ ریلویز جیسی بڑی وزارت ایک وزیرسے نہیں چل سکتی۔