حیدرآباد

طلباء کی چلو راج بھون ریالی کو پولیس نے روک دیا

نیٹ امتحان میں بے قاعدگیوں اور نیٹ امتحان کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے این ایس یو آئی کی زیر قیادت یوتھ یونائٹیڈ کمیٹی کی جانب سے آج چلو راج بھون احتجاجی ریالی نکالنے کی کوشش کی گئی۔

حیدر آباد: نیٹ امتحان میں بے قاعدگیوں اور نیٹ امتحان کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے این ایس یو آئی کی زیر قیادت یوتھ یونائٹیڈ کمیٹی کی جانب سے آج چلو راج بھون احتجاجی ریالی نکالنے کی کوشش کی گئی۔

متعلقہ خبریں
حکومت NEET امتحان میں دھاندلی کی جامع تحقیقات کرے: کھڑگے-پرینکا

تاہم پولیس کی بھاری جمعیت نے ریالی کو پیوپلز پلازا نکلس روڈ کے پاس ہی روک دیا اور طلباء یونینوں کے قائدین بشمول صدر این ایس یو آئی بالموری وینکٹ ایم ایل سی کو گرفتار کرکے گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم منتقل کیا۔

احتجاجی کارکن نیٹ امتحان کو منسوخ کرنے اور این ٹی اے کو معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرہ بلند کئے۔ احتجاجی طلباء و قائدین جو ہاتھوں میں اپنی اپنی جماعت کے پرچم تھامے ہوئے تھے، آج صبح راج بھون کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں آگے بڑھنے نہیں دیا۔

اس دوران طلباء قائدین اور پولیس کے درمیان کچھ دیر مزاحمت ہوتی رہی۔ یوتھ یونائیٹیڈ کمیٹی جس میں این ایس یو آئی، ایس ایف آئی، اے آئی ایس ایف، پی ڈی ایس یو، وی جے ایس، اے آئی پی ایس یو، پی وائی سی، ڈی وائی ایف آئی و دیگر تنظیموں کے قائدین شامل تھے۔

گورنر تلنگانہ سے ملاقات کرکے انہیں یادداشت پیش کرنا چاہتے تھے۔ تاہم گورنر نے انہیں آج ملاقات کا وقت نہیں دیا تھا۔ اس کے باوجود وہ راج بھون جانا چاہتے تھے۔ پولیس نے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا اور انہیں گوشہ محل اسٹیڈیم منتقل کیا۔

صدر این ایس یو آئی بالموری وینکٹ نے کہا کہ نیٹ امتحان میں بے قاعدگیوں کو روکنے میں مرکزی حکومت کی ناکامیوں پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 70 ہزار طلباء نے نیٹ امتحان میں شرکت کی ہے۔ امتحان میں بے قاعدگیوں کی وجہ سے ان کا مستقبل خطرہ میں پڑگیا ہے۔

مرکزی وزیر جی کشن ریڈی طلباء قائدین کوملاقات کا وقت نہیں دے رہے ہیں۔ بالموری وینکٹ نے بتایا کہ نیٹ کے خلاف مہم بہت جلد تلنگانہ بھر میں تعلیمی اداروں کے بند کا اعلان کریں گے۔

a3w
a3w