
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا ہے کہ ملک میں ہر روز چار ہزار افراد کی اچانک دل کا دورہ پڑنے سے موت ہورہی ہے۔
وزیر موصوف نے سنگاریڈی کلکٹریٹ میں منعقدہ سی پی آر ٹریننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دل کے دورہ کے بعد کئے جانے والے سی پی آر سے صرف 2 فیصد افراد ہی واقف ہیں اور 98 فیصد افراداس سے واقف نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں بیداری کی ضرورت ہے۔ اس کی تربیت حاصل کرنے والوں کو اضلاع بھیجا جا رہا ہے۔ تمام محکموں کے عملے کو سی پی آرکی تربیت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست میں 1500 کروڑ روپے کی لاگت سے 1200 اے ای ڈی مشینیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بدلتی ہوئی غذائی عادات کی وجہ سے اچانک دل کا دورہ پڑنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور کورونا کے بعد یہ زیادہ ہو رہے ہیں۔
وزیر نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور سرکاری ملازمین کو بھی سی پی آر سے آگاہ ہونا چاہئے۔