بہار کو خصو صی موقف کے مطالبہ پر بحث تکرار
بہار کو خصوصی موقف کے مطالبہ پر برسرِ اقتدار این ڈی اے اور اپوزیشن مہاگٹھ بندھن میں جمعہ کے دن بحث وتکرار ہوگئی۔
پٹنہ: بہار کو خصوصی موقف کے مطالبہ پر برسرِ اقتدار این ڈی اے اور اپوزیشن مہاگٹھ بندھن میں جمعہ کے دن بحث وتکرار ہوگئی۔ ایسا لگتا ہے کہ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس سے قبل یہ شدت اختیارکرلے گی۔
جھارکھنڈ بننے کے فوری بعد یہ مطالبہ اٹھاتھا کیونکہ بہار معدنی دولت سے محروم ہوگئی تھی۔ مرکز کی رائے رہی ہے کہ خصوصی موقف دینا اب ممکن نہیں رہا کیونکہ 14 ویں فینانس کمیشن نے اسے ردکردیا ہے۔
سینئر کانگریس قائد اور سابق اسپیکرلوک سبھا میرا کمار نے جن کی پارٹی ریاست میں اپوزیشن اتحاد کا حصہ ہے بی جے پی۔جنتادل یو اتحاد پرطنز کیا۔
انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ مرکز میں برسِرِ اقتدار بی جے پی جنتادل یو کا مطالبہ نہیں مان رہی ہے حالانکہ وہ اس کی تائید پرمنحصر ہے۔ کانگریس قائد نے جنتادل یو سربراہ پر بھی طنزکیا۔
نتیش کمار کے نائب نے جو بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں‘ راست جواب ٹالتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ترقی یافتہ ہندوستان کا وعدہ کرچکے ہیں جو اسی وقت ممکن ہے جب بہار بھی ترقی کرے۔ ہر ریاست کی ترقی ضروری ہے۔