سوشل میڈیا پر ‘چین ٹپاک ڈم ڈم’ کا چرچا، کہاں سے آیا یہ دلچسپ مزاحیہ جملہ؟
"چین ٹپاک ڈم ڈم" کا تعلق مشہور کارٹون سیریز چھوٹا بھیم کے ایک منفی کردار 'ٹاکیا' سے ہے۔ اس کردار کا یہ جملہ عام بول چال کا حصہ بن چکا تھا، لیکن سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے کے بعد یہ جملہ عالمی سطح پر وائرل ہو گیا۔
حیدرآباد: حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر ایک انوکھا اور دلچسپ جملہ "چین ٹپاک ڈم ڈم” تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ فیس بک، ٹوئٹر، اور انسٹاگرام پر صارفین اس جملے کو مختلف میمز اور ویڈیوز میں استعمال کر رہے ہیں، جس نے ہر طرف دھوم مچا رکھی ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ جملہ کہاں سے آیا اور کیوں اتنا مشہور ہوگیا؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق، "چین ٹپاک ڈم ڈم” کا تعلق مشہور کارٹون سیریز چھوٹا بھیم کے ایک منفی کردار ‘ٹاکیا’ سے ہے۔ اس کردار کا یہ جملہ عام بول چال کا حصہ بن چکا تھا، لیکن سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے کے بعد یہ جملہ عالمی سطح پر وائرل ہو گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ صارفین نے نشاندہی کی ہے کہ یہ جملہ 1966 میں ریلیز ہونے والی فلم ’لڑکا لڑکی‘ میں کشور کمار کی جانب سے ادا کردہ ایک فقرے ‘‘چین پٹاخ ڈم ڈم‘‘ سے مشابہت رکھتا ہے۔ اس فلم کے ایک کلپ میں کشور کمار کو یہ فقرہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، جو اب وائرل ہو چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس جملے کی مقبولیت کے بعد بے شمار میمز اور ویڈیوز سامنے آ چکی ہیں، جس میں لوگ مزاحیہ انداز میں اس فقرے کو مختلف سیاق و سباق میں استعمال کر رہے ہیں۔ یہ فقرہ اب زبان زد عام ہو چکا ہے اور ہر جگہ اس کے چرچے ہیں۔
"چین ٹپاک ڈم ڈم” نے سوشل میڈیا پر تفریحی اور مزاحیہ مواد کو ایک نئی شکل دی ہے، جس سے نہ صرف پرانی فلموں کی یادیں تازہ ہوئی ہیں بلکہ لوگوں کی تخلیقی صلاحیتیں بھی اجاگر ہوئی ہیں۔