رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کا اختتام روحانی تزک و احتشام کے ساتھ تکمیل،مولانامفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
یہ روح پرور مناظر اس بات کا ثبوت ہیں کہ رمضان المبارک نہ صرف عبادت کا مہینہ ہے بلکہ دلوں کی اصلاح اور ایمان کی تازگی کا بھی عظیم ذریعہ ہے۔
حیدرآباد : حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد کے ایک کثیر اجتماع سے مولانامفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری خطیب وامام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد خطاب کرتے ہوئے بتلایا کہ ماہِ صیام کی نورانی ساعتیں جب اپنے پہلے عشرۂ رحمت کی تکمیل کو پہنچیں تو فضاؤں میں ایک عجیب روحانی کیف و سرور محسوس کیا گیا۔
مساجد کی روشنیاں، نمازیوں کی پرخلوص حاضری، اور ذکر و تلاوت کی دل آویز صدائیں اس بات کی گواہ رہیں کہ رمضان المبارک کا پہلا دہہ بڑے تزک و احتشام کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔
اس مبارک موقع پر حفاظِ کرام نے نہایت خوش الحانی، سوز و گداز اور تجوید و قرأت کی دل نشین ادائیگی کے ساتھ قرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کی۔ ان کی پرسوز آوازوں میں جب آیاتِ ربانی گونجتی رہیں تو سامعین پر رقت طاری ہو گئی اور دلوں میں خشیتِ الٰہی کی کیفیت بیدار ہوتی رہی۔ یہ روح پرور مناظر اس بات کا ثبوت ہیں کہ رمضان المبارک نہ صرف عبادت کا مہینہ ہے بلکہ دلوں کی اصلاح اور ایمان کی تازگی کا بھی عظیم ذریعہ ہے۔
ائمۂ مساجد اور علمائے کرام نے اپنے بیانات میں اس امر پر زور دیا کہ پہلا عشرہ رحمت کا پیغام لے کر آیا تھا، اب ضروری ہے کہ آئندہ ایام میں مغفرت اور نجات کے حصول کیلئے مزید انہماک، اخلاص اور استقامت کے ساتھ عبادات کا اہتمام کیا جائے۔ خصوصاً نمازِ تراویح، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور صدقات و خیرات میں اضافہ کیا جائے تاکہ رمضان المبارک کا فیضان ہمہ گیر ہو سکے۔
شرکائے محفل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ رمضان کے بقیہ ایام کو بھی اسی جوش و جذبے اور روحانی وابستگی کے ساتھ گزاریں گے، تاکہ یہ مقدس مہینہ ان کی زندگیوں میں حقیقی انقلاب برپا کر دے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس مبارک مہینے کی برکتوں کو قبول فرمائے، حفاظِ کرام کی تلاوتوں کو شرفِ قبولیت بخشے اور ہم سب کو رمضان کے باقی ایام میں مزید اخلاص و استقامت نصیب فرمائے۔ آمین