حکومت نے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا اعلان کردیا، کتنے اجلاس ہوں گے؟
پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ 18 سے 22 ستمبر تک پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا جا رہا ہے۔

نئی دہلی: ایک بے مثال پیش رفت میں حکومت نے 18 ستمبر سے پارلیمنٹ کا پانچ روزہ خصوصی اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے، جس میں پانچ اجلاس ہوں گے۔
پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ 18 سے 22 ستمبر تک پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا جا رہا ہے جس میں پانچ اجلاس ہوں گے۔ یہ 17ویں لوک سبھا کا 13واں اجلاس اور راجیہ سبھا کا 261واں اجلاس ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امرت کال میں بامعنی بحث کرنا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس، جو 20 جولائی کو شروع ہوا تھا، اس مہینے کی 11 تاریخ کو اختتام پذیر ہوا۔ اس اجلاس کے دوران 23 دنوں میں 17 اجلاس ہوئے۔ اپوزیشن پارٹیوں نے منی پور کے معاملے پر تقریباً ہر روز ایوان میں ہنگامہ کیا تھا۔ تاہم اس دوران حکومت نے ہنگامہ آرائی کے درمیان کئی اہم بلوں کو منظور کرایا۔