کھیل
ٹرینڈنگ

ویڈیو: پیرس میں دریائے سین پر پیرس اولمپکس کا شاندار افتتاح

فرانس کی راجدھانی پیرس میں جمعہ کو دریائے سین پر فوارے کی بوچھار کے درمیان اولمپک کھیلوں کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس دوران مختلف ممالک کے کھلاڑی رنگ برنگی پوشاکوں میں کشتیوں پر اپنے قومی پرچم لہراتے نظر آئے۔

پیرس: فرانس کی راجدھانی پیرس میں جمعہ کو دریائے سین پر فوارے کی بوچھار کے درمیان اولمپک کھیلوں کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس دوران مختلف ممالک کے کھلاڑی رنگ برنگی پوشاکوں میں کشتیوں پر اپنے قومی پرچم لہراتے نظر آئے۔

اولمپک گیمز کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہواہے کہ افتتاحی تقریب اسٹیڈیم کے بجائے دریا پر منعقد کی گئی۔ آج یہاں ایک جدید انداز میں اولمپک گیمز کا انعقاد کیا گیا، اس دوران دریائے سین کے کنارے فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے نظر آئے اور موسیقار اپنے سازوں سے لوگوں کی توجہ مبذول کرتے نظر آئے۔ تقریب کے وقت لاکھوں کی تعداد میں شائقین ایتھلیٹوں کی حوصلہ افزائی کررہے تھے۔

فرانسیسی تھیٹر ڈائریکٹر اور اداکار تھامس جولی کی نگرانی میں منعقد ہونے والی اس پہلی منفرد تقریب میں سبھی ممالک کی روایتی پریڈ دریائے سین میں تقریباً 100 کشتیوں پر 10 ہزار سے زائد ایتھلیٹوں نے سفر کیا، اس دوران کشتیاں نوٹر ڈیم ، پونٹ ڈیس آرٹس، پونٹ نیوف اور دیگر سمیت پیرس کے کچھ مشہور مقامات سے گزریں۔

فلوٹنگ پریڈ جارڈین ڈیس پلانٹس کے ساتھ والے آسٹرلٹز پل سے گزر کر ٹروکاڈیرو پر اختتام پذیر ہوئی۔ یہاں اولمپک پروٹوکول کے مطابق باقی پروگرام اور فائنل شو کیا گیا۔یہ پروگرام تین گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ فرانس کے ثقافتی ورثے کو دریا کے کنارے بڑے بڑے پوسٹروں کے ذریعے دکھایا گیا تھا۔

تقریب کے دوران، ہندوستانی دستے میں دو بار کے اولمپک میڈلسٹ بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو اور ٹیبل ٹینس کے لیجنڈ شرت کمل شامل تھے، جو اپنے پانچویں اولمپکس میں حصہ لینے والے ہیں، انہوں نے پیرس اولمپکس 2024 کی پریڈ میں دستے کی قیادت کی۔ اس دوران ہندوستانی ٹیم کے مرد اور خواتین کھلاڑی ترون تہلیانی کے ڈیزائن کردہ روایتی لباس پہنے ہوئے نظر آئے۔ مردوں کے زمرے کے کھلاڑی کرتا پاجامہ کے ساتھ نے ترنگی بنڈی پہنے ہوئے ہاتھوں میں ترنگا لہرا رہے تھے۔ ٹیم کی خواتین ارکان ترنگی بنارسی ساڑھی میں نظر آئیں۔

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ’’پیرس اولمپکس شروع ہونے ساتھ ہندوستانی دستے کے لیے میری نیک خواہشات۔ ہر کھلاڑی ہندوستان کا فخر ہے۔ دعا ہے کہ وہ سب پیرس اولمپکس میں چمکیں اور اپنی غیر معمولی کارکردگی سے ہمیں متاثر کرتے ہوئے کھیلوں کی حقیقی روح کو مجسم کریں۔

دریں اثناء اطلاعات کے مطابق پیرس اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل فرانس میں ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک پر کئی مقامات پر آتشزدگی کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔

فرانسیسی وزیر اعظم گیبریل اٹل نے کہا ہے کہ منصوبہ بند حملے ریلوے لائنوں کو نقصان پہنچانے کے مقصد سے کیے گئے ہیں۔ فرانس کی سرکاری ریلوے کمپنی این این سی ایف نے کہا کہ اس آتشزدگی سے ڈھائی لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

a3w
a3w