ہماچل راج بھون کی تاریخی میز سے پاکستانی پرچم ہٹادیاگیا
ہماچل پردیش کے راج بھون میں اس تاریخی میز پر آج پاکستانی پرچم دکھائی نہیں دیا جس پر شملہ معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔

شملہ (پی ٹی آئی) ہماچل پردیش کے راج بھون میں اس تاریخی میز پر آج پاکستانی پرچم دکھائی نہیں دیا جس پر شملہ معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔
پاکستان نے ایک دن قبل 1972ء کا معاہدہ معطل کردیا۔ اس نے پہلگام حملہ کے بعد ہندوستان کی طرف سے کئے گئے اقدامات کے جواب میں ایسا کیا۔
شملہ معاہدہ اس وقت کی وزیراعظم اندراگاندھی اور اس وقت کے پاکستانی صدرذوالفقارعلی بھٹو کے درمیان 2 جولائی اور 3جولائی کی درمیانی شب ہوا تھا۔
بیش قیمتی لکڑی کی میز جس پر معاہدہ کے کاغذات پردستخط ہوئے تھے‘ ہماچل پردیش کے راج بھون کے کیرتی ہال میں ایک اونچے سرخ رنگ کے پلیٹ فارم پر رکھی ہوئی ہے‘ جس کے اطراف ریلنگ لگائی گئی ہے۔
ایک پلیٹ پر لکھا ہے‘ شملہ معاہدہ اس میز پر 3-7-1972 کو طئے پایاتھا۔ میز پر ایک تصویر رکھی ہے جس میں ذوالفقارعلی بھٹو معاہدہ پر دستخط کررہے ہیں اور اندراگاندھی ان کے بازو بیٹھی ہوئی ہیں۔
یہ واضح نہیں کہ پاکستانی پرچم کب ہٹایاگیا لیکن راج بھون کے عہدیداروں نے توثیق کی کہ میز پر اب پڑوسی ملک کا چھوٹا جھنڈا نہیں ہے۔