مہاراشٹرا

ممبئی پونے ہائی وے پر بس کھائی میں گرپڑی، ایکس گریشیا کا اعلان، 13 ہلاک (تفصیلی خبر)

مہاراشٹرا کے ضلع رائے گڑھ میں ہفتہ کی صبح اولڈ ممبئی۔ پونے ہائی وے پر ایک بس کے کھائی میں گرپڑنے کے حادثہ میں 13 افراد بشمول 5 کمسن ہلاک ہوگئے۔

ممبئی: مہاراشٹرا کے ضلع رائے گڑھ میں ہفتہ کی صبح اولڈ ممبئی۔ پونے ہائی وے پر ایک بس کے کھائی میں گرپڑنے کے حادثہ میں 13 افراد بشمول 5 کمسن ہلاک ہوگئے۔

متعلقہ خبریں
”مجرا کرنے گئے تھے:“ ملاقات پر سنجے راؤت کا طنز

بس میں ایک روایتی میوزک ٹروپ کے نوجوان مردو خاتون ارکان سفر کررہے تھے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔ خانگی بس‘ پونے سے ممبئی جارہی تھی۔ 4:50 بجے کے آس پاس گھاٹ روڈ پر شنگروبا مندر کے قریب بس‘ کھائی میں گرپڑی۔

چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے نے حادثہ پر دکھ ظاہر کیا اور مہلوکین کے ورثا کو فی کس 5لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

چیف منسٹر نے نوی ممبئی کے دواخانہ میں زخمیوں کی مزاج پرسی کے بعد مقام حادثہ کا دورہ کیا۔ زخمیوں میں زیادہ تر نوی ممبئی کے دواخانہ میں زیرعلاج ہیں۔ حادثہ کھوپولی پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔

بس میں گورے گاؤں ممبئی کے باجی پربھووادک گروپ کے 42 ارکان سوار تھے۔ وہ ضلع پونے کے پمپری چنچواڑ میں پروگرام کرنے کے بعد ممبئی واپس ہورہے تھے۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ 13 افراد برسرموقع ہلاک ہوئے جبکہ دیگر 29 زخمی ہوئے۔

اطلاع ملنے پر مقامی پولیس‘ ٹریکنگ گروپ کے ارکان اور آئی آر بی کمپنی کے ملازمین نے بچاؤ مہم شروع کی۔ بیشتر مہلوکین اور زخمیوں کا تعلق گورے گاؤں‘ سائن (ممبئی) اور ویرار (پال گھر) سے ہے۔