مشرق وسطیٰ

مسجد نبوی کے موذن کی ‘بستر مرگ’ پر دی گئی پُرسوز آواز میں آخری اذان

ان کے انتقال کے چند روز بعد شیخ فیصل نعمان کے آخری ایام کی اسپتال میں بنائی گئی ایک ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں شیخ فیصل بستر مرگ پر اپنی زندگی کی ''آخری اذان'' دے رہے ہیں۔

مدینہ منورہ: مسجد نبوی کے موذن شیخ فیصل نعمان کی بستر مرگ پردی گئی پُرسوز آواز میں آخری اذان کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔


دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے دوسرے مقدس ترین مقام مسجد نبوی کے موذن شیخ فیصل نعمان گزشتہ دنوں مدینہ کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے۔


موذن شیخ فیصل نعمان جنہیں 25 سال قبل مسجد نبوی کا موذن مقرر کیا گیا تھا اور ربع صدی تک ان کی مسحور کن آواز میں اذان کی آواز مدینے کی فضاؤں میں گونجتی رہی۔


ان کے انتقال کے چند روز بعد شیخ فیصل نعمان کے آخری ایام کی اسپتال میں بنائی گئی ایک ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں شیخ فیصل بستر مرگ پر اپنی زندگی کی ”آخری اذان” دے رہے ہیں۔


نماز کی دعوت دینے والے پیغام اذان کے الفاظ وہ پُرسوز انداز میں ادا کر رہے ہیں اور آواز سے ان کی کمزوری بھی واضح ہو رہی ہے۔


شیخ فیصل کو تاریخی جنت البقیع قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ہے۔ یہ وہ قبرستان ہے، جس میں مسلمانوں کے تیسرے خلیفہ راشد حضرت عثمان ؓ، ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ، خاتون جنت بی بی فاطمہؓ سمیت سینکڑوں صحابہ کرام کی قبریں موجود ہیں۔


واضح رہے کہ شیخ فیصل کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جو طویل عرصے سے مسجدِ نبوی کی خدمت کرتا آ رہا ہے۔

ان کے والد کم عمری میں ہی اس عظیم منصب پر فائز ہوئے اور 90 برس سے زائد عمر تک مسجد نبوی میں اذان دیتے رہے بعد ازاں یہ سعادت شیخ فیصل نعمان کو نصیب ہوئی۔