ماہ رجب حرمت اور معراج النبیؐ والا مہینہ ہے، ایمان ویقین کی تازگی کے لئے کمربستہ ہوجائیں: مولانا عبدالحفیظ اسلامی
مسلمانوں کو چاہیے کہ اللہ کی نافرمانی سے بچتے ہوے اس ماہ کا احترام کریں، لڑائ جھگڑے کے اسباب، بد کلامی وبدمزاجی سے بلکل مجتنب رہیں ، قتل خون آپسی لڑائ و کشمکش سےبدرجہ اولی اپنی زندگی کو پاک کرلیں
حیدرآباد: اللہ کے نزدیک شروع دنیاہی سے، مہینوں کی تعداد 12 ہے ان میں4 مہینے ؛ رجب المرجب، ذی القعدہ، ذی الحجہ اور محرم حرمت والے ہیں جس میں پہلا مہینہ ماہ رجب المرجب کا ہے، ایام جاہلیت میں بھی لوگ اسکی تعظیم کیا کرتے تھے۔
لہذا مسلمانوں کو چاہیے کہ اللہ کی نافرمانی سے بچتے ہوے اس ماہ کا احترام کریں، لڑائ جھگڑے کے اسباب، بد کلامی وبدمزاجی سے بلکل مجتنب رہیں ، قتل خون آپسی لڑائ و کشمکش سےبدرجہ اولی اپنی زندگی کو پاک کرلیں کیونکہ یہ سب چیزیں اللہ تعالی کے احکامات اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے فرامین سے منہ پھیرناہے، اب ہمیں چاہیے کہ ہر حال میں ایمان کے منافی اعمال سے بچتے ہوے زندگی بسر کریں،یہی مومینانہ شان ہے۔
ان خیالات کا اظہار مولانا محمد عبدالحفیظ اسلامی، خطیب مسجد صالحہ قاسمؒ وسینئر کالم نگار اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رجب کئ حیثیت سے عظیم ومعروف ہے اس مہینے کی 27 وین شب ایک ایسا واقعہ ہوا جو دنیا کی تاریخ میں نہ پہلے کبھی ہوا نہ بعد میں ، وہ ہے واقع معراج النبیؐ جس میں اللہ تعالی نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو آسمانوں کی سیر کروائ اور جنت وجہنم دکھلائ گئ،نیک وبد لوگوں کا تمثیلی مشاہدہ کروایاگیا اور واپسی پر خاص طور پر نماز پنجگانہ کا تحفہ عطا کیا گیا، جو نوع انسانی کے لیے بندگی رب بجالانے کا اعلی ترین مظہر ہے۔
مولانا اسلامی نے اس بات کی تلقین فرمائ کہ ماہ رجب میں غیر مسنون و طبع ذات اعمال وبدعات سے دور رہیں، فرائض واجبات پورے طور پر ادا کرتے ہوے ممکنہ حد تک نوافل عبادات اور روزہ رکھنے کی کوشیش کرتے رہیں ،خدمت خلق کے کام انجام دیں۔ حفیظ اسلامی نے آخر میں نوجوانوں سے کہا کہ اپنے بڑوں کی قدر کریں انکا احترام کریں۔
یہ تمہارے لیے ایک نعمت ہیں،خدمت کے معاملہ میں اس کے اولین حقدار اپنے والدین ہیں ورشتہ دار ہیں ان کا خاص خیال رکھیں،اپنی جوانی کو یوں ہی ضائع نہ کریں عصری تعلیم کے ساتھ قرآنی تعلیم سے جڑے رہیں دینی اجتماعات سے اپنے کو وابستہ کرلیں اسی میں ہماری بھلائ ہے۔