یوپی جیل میں قتل کا مجرم ”لکھ پتی“ بن گیا
اترپردیش کے فرخ آباد میں جیل کا ایک قیدی لکھ پتی بن گیا ہے۔ اپنے ساتھی قیدیوں کو قانونی مشورہ دینے اور مکتوب تحریر کرنے پر اُسے 1.04لاکھ روپے کا معاوضہ حاصل ہوا ہے۔

فرخ آباد: اترپردیش کے فرخ آباد میں جیل کا ایک قیدی لکھ پتی بن گیا ہے۔ اپنے ساتھی قیدیوں کو قانونی مشورہ دینے اور مکتوب تحریر کرنے پر اُسے 1.04لاکھ روپے کا معاوضہ حاصل ہوا ہے۔
جیل کے حکام نے بتایا کہ لیگل سرویسس اتھاریٹی نے کلدیپ سنگھ کو یہ معاوضہ دیا ہے۔ کلدیپ سنگھ گریجویشن کی ڈگری رکھتا ہے اور 14نومبر 2017ء سے ڈسٹرکٹ جیل میں ہے۔
قتل کیس میں مجرم قرار دئے جانے کے بعد عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ بھیم سین مکند نے اسے قیدیوں کا اسسٹنٹ مقرر کیا تاکہ وہ درخواستیں تحریر کرسکے۔
اس کی محنت سے متاثر ہوکر اُس وقت کے ڈسٹرکٹ لیگل سرویسس اتھاریٹی کے سکریٹری اچل پرتاپ سنگھ نے اسے لیگل ایڈکلینک میں پیرالیگل والینٹر مقرر کیا۔
یہ کلینک 19مئی 2022ء کو جیل میں قائم کیا گیا تھا۔ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ کلدیپ سنگھ محنت اور مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتا رہا۔ حال ہی میں اس کے بینک اکاؤنٹ میں 1.04 لاکھ روپے منتقل کئے گئے۔
ڈسٹرکٹ لیگل سرویسس اتھاریٹی کے سکریٹری سنجے کمار نے بتایا کہ بینک اسٹیٹمنٹ ملنے پر جس میں یہ ڈپازٹ بتایا گیا تھا، کلدیپ بہت خوش ہوا۔ اس واقعہ نے دیگر قیدیوں کو بھی محنت سے کام کرنے کی ترغیب دی۔