حضرت شیخ الاسلام ؒ کی اصلاحات سے اہل دکن آج بھی مستفید
شیخ الاسلام حضرت مولانا شاہ امام محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگؒ بانی جامعہ نظا میہ عظیم علمی و روحانی خانوادہ میں پیدا ہوئے۔

حیدرآباد: شیخ الاسلام حضرت مولانا شاہ امام محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگؒ بانی جامعہ نظا میہ عظیم علمی و روحانی خانوادہ میں پیدا ہوئے۔
آپؒ کا سلسلہ نسب خلیفہ دوم حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے جا ملتا ہے۔ آپ کے نانا حضرت شاہ رفیع الدین قندھاری قدس سرہٗ اپنے زمانے کے جلیل القدر ولی کامل اور علمی روحانی شخصیت رہے۔ جن کے خلفاء و مریدین نے شہر حیدرآباد میں علم کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
علماء نظامیہ آرگنائزیشن حیدرآباد کے زیر اہتمام منعقدہ جشن شیخ الاسلام علیہ الرحمہ سے مہمان خصوصی، مفتی محمد قاسم صدیقی تسخیر نقشبندی، سابق نائب مفتی جامعہ نظامیہ، حال مقیم امریکہ نے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔
مولانا نے مزید کہا کہ حضرت شیخ الاسلامؒ نے ایک سو پچاس سال پہلے ہی سے امت مسلمہ کو پیش آنے والے مسائل کا حل پیش کرتے ہوئے مستقبل کے چیلنجز کو دور کیا، ملت اسلامیہ کے سارے امور کا جائزہ لیا اور جامعہ نظامیہ قائم فرمایا۔
بحیثیت ناظم امور مذہبی مختلف محکمہ جات کو منظم کرتے ہوئے اصلاحات نافذ کیں جو آج تک جاری و ساری ہیں۔ علماء و مبلغین کو چاہیے کہ شیخ الاسلامؒ کی حکمت اور ہنر مندی کو سمجھیں،
آپ کی زندگی کو نمونہ عمل بناتے ہوئے قوم و ملت کی دینی، شرعی اور سماجی رہنمائی کا فریضہ انجام دیں۔ مولانا مفتی محمد حنیف قادری، کامل جامعہ نظامیہ، مولانا شاہ محمد مختار جنیدی کامل جامعہ نظامیہ،
اس موقع پر ڈاکٹر مرزا عبد الرحیم بیگ قادری، کامل جامعہ نظامیہ، مولانا حافظ سید یوسف علی اظہر نقشبندی کامل جامعہ نظامیہ، مولانا احمد کریم الدین، کامل جامعہ نظامیہ، مولانا سید فراست علی قادری، مولانا غلام حیدر،
کامل جامعہ نظامیہ۔ قاضی مختار، کامل جامعہ نظامیہ و دیگر نے شرکت کی۔ مولانا حافظ سید توفیق اللہ حسینی بخاری نقشبندی، کامل جامعہ نظامیہ، امام و خطیب مسجد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پرائمہ مساجد و مصلیان مسجد کثیر تعداد میں موجود تھے۔ صلوٰۃ و سلام و خصوصی دعا پر جشن کا اختتام عمل میں آیا۔