23 اکتوبر سے کانگریس کی نیائے یاترا
کانگریس دہلی میں 23 اکتوبر سے ”نیائے یاترا“ شروع کرنے والی ہے جو 28 نومبر کو ختم ہوگی۔ اس یاترا کو تہواروں کے سیزن کے مدنظر 4 مرحلوں میں نکالا جائے گا۔
نئی دہلی (آئی اے این ایس) کانگریس دہلی میں 23 اکتوبر سے ”نیائے یاترا“ شروع کرنے والی ہے جو 28 نومبر کو ختم ہوگی۔ اس یاترا کو تہواروں کے سیزن کے مدنظر 4 مرحلوں میں نکالا جائے گا۔
کہا جارہا ہے کہ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی جیسے بڑے قائدین اس میں حصہ لیں گے۔ یاترا کا پہلا مرحلہ 23 اکتوبر کو شروع ہوگا اور28 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
دوسرا مرحلہ 4 نومبر تا 10 نومبر ہوگا۔ تیسرا اور چوتھا مرحلہ بالترتیب 12 نومبر تا 18 نومبر اور 20 نومبر تا 28 نومبر ہوگا۔ کانگریس دہلی سے 3 میعاد کے لئے منتخب ہونے والے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کی ناکامیاں بیان کرے گی۔ وہ قومی دارالحکومت کی موجودہ صورتِ حال کا شیلا دکشت کے دور سے تقابل کرنے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔
شیلا دکشت کے دورِ چیف منسٹری میں دہلی میں قابل ِ لحاظ ترقی ہوئی تھی۔ مرکز کی مودی حکومت لیفٹیننٹ گورنر اور عام آدمی پارٹی حکومت کے جاریہ ٹکراؤ کو بھی اٹھایا جائے گا۔
کانگریس‘ عام آدمی پارٹی کے شراب پالیسی اسکینڈل‘ کرپشن اور مخالف ترقی پالیسیوں کو بھی اٹھائے گی۔ دہلی میں اسمبلی الیکشن آئندہ سال کے شروعات میں ہونے والا ہے تاہم ضرورت پڑنے پر الیکشن کمیشن جلد الیکشن کراسکتا ہے۔
اروند کجریوال دہلی کی چیف منسٹری چھوڑتے ہوئے مطالبہ کرچکے ہیں کہ دہلی اسمبلی الیکشن نومبر میں مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ اسمبلی الیکشن کے ساتھ کرادیا جائے۔
Photo Source: @asmatasleem13