ڈیوٹی ٹائم ختم، ایرانڈیا پائلٹ نے جئے پور میں پرواز روک دی (ویڈیوز دیکھئے)
لندن تا دہلی ایرانڈیا پرواز کے پائلٹ نے جئے پور میں طیارہ روک دیا اور یہ کہتے ہوئے آگے جانے سے انکار کردیا کہ اس کا ڈیوٹی ٹائم ختم ہوچکا ہے۔
جئے پور: لندن تا دہلی ایرانڈیا پرواز کے پائلٹ نے جئے پور میں طیارہ روک دیا اور یہ کہتے ہوئے آگے جانے سے انکار کردیا کہ اس کا ڈیوٹی ٹائم ختم ہوچکا ہے۔
مسافرین کو 6 گھنٹے انتظار کرنا پڑا‘ بعدازاں انہیں ذریعہ سڑک دہلی بھیجا گیا۔ خراب موسم کی وجہ سے اتوار کے دن 3 بین الاقوامی اور 2 مقامی پروازوں کا رخ جئے پور کی طرف موڑا گیا تھا۔
ان میں ایرانڈیا کی 2‘ گلف اسٹریم کی ایک اور اسپائس جیٹ کی 2پروازیں شامل تھیں۔ ایرانڈیا کی فلائٹ اے آئی 112کون لندن سے صبح 6 بجے دہلی پہنچنا تھا۔ خراب موسم کی وجہ سے اس کا رخ جئے پور کی طرف موڑا گیا۔
رخ موڑے جانے والی دوسری پرواز دُبئی سے دہلی آرہی تھی۔ گلف اسٹریم پرواز گوہاٹی سے دہلی آرہی تھی۔
ایرانڈیا کی لندن۔ دہلی پرواز کے مسافرین نے وزیر شہری ہوابازی جیوتر آدتیہ سندھیا اور رکن پارلیمنٹ راجیہ وردھن راٹھوڑ کو ٹویٹ کیا۔
ایرانڈیا نے جواب دیا اور مسئلہ جلد حل کرنے کا وعدہ کیا تاہم اس کے باوجود مسافرین کو زائداز 6 گھنٹے اذیت جھیلنی پڑی‘ بعدازاں ایرانڈیا نے بعض مسافرین کو والوو بس سے اور بعض کو کیابس کے ذریعہ دہلی روانہ کیا۔ ایرپورٹ اتھاریٹی نے مسافرین کو غذا اور دیگر سہولتیں فراہم کیں۔