حیدرآباد

سیاسی مفادات کیلئے فرقہ پرستی کا زہر گھولا جارہا ہے، مسلم شبان کا یوم تاسیس، مشتاق ملک کا خطاب

محمد مشتاق ملک نے کہا آئندہ انتخابات میں فرقہ پرست طاقتوں کو شکست اور مسلمانوں کے متحدہ ووٹ کے لئے جدوجہد کی جائے گی۔

حیدرآباد: ملک میں فرقہ پرست طاقتیں سیاسی مفادات کے حصول کے لئے فرقہ پرستی کا زہر گھول رہے ہیں۔ مسلمانوں کو ڈرانے، دھمکانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ہندوستانی مسلمان پامردی سے ان حالات کا مقابلہ کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں
اسرائیل کے تیار کردہ اشیاء کا استعمال نہ کریں: مشتاق ملک
مسلم کنونشن کا جلد انعقاد، صدر تحریک مسلم شبان مشتاق ملک کا بیان
سی آئی ایس ایف کا 3300 رکنی دستہ آج سے پارلیمنٹ سیکوریٹی سنبھال لے گا
پلوامہ کے شہیدوں کی بیویوں کا منگل سوتر کس نے چھینا؟ڈمپل یادو
یہ کوئی عام الیکشن نہیں، دستور اور جمہوریت کو بچانا ہے۔ راہول گاندھی کا پارٹی کارکنوں کے نام ویڈیو پیام

ایک بڑا طبقہ برادران وطن کا جمہوریت اور دستور کی بقاء کی لڑائی لڑ رہا ہے۔ ملک، سالمیت اور امن مسلمانانِ ہند کو عزیز ہے۔ ان خیالات کااظہار جناب محمد مشتاق ملک صدرتحریک مسلم شبان نے 33ویں یوم تاسیس تقریب تحریک مسلم شبان کے موقع صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آئندہ ایک سال کے پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے جناب محمد مشتاق ملک نے کہا آئندہ انتخابات میں فرقہ پرست طاقتوں کو شکست اور مسلمانوں کے متحدہ ووٹ کے لئے جدوجہد کی جائے گی۔ ماہ ربیع الاول میں ریاست گیر پیمانہ پر نشہ کے خلاف مہم چلائی جائے گی۔

 شہر حیدرآباد اور اطراف و اکناف میں بڑھتے ہوئے قتل کی وارداتوں کے پیش نظر مظلومین یعنی مقتولین کے خاندانوں کو قانونی مدد دی جائے گی جس کے لئے سینئر وکلاء کی خدمات فیس کے عوض لی جائے گی۔

اس ضمن میں تحریک مسلم شبان کی باضابطہ ایک کمیٹی بنائی جارہی ہے جو عدالتی کارروائی پر نظر رکھے گی اور قاتلین کو سزا دلوانے میں قانونی مدد کرے گی۔

 رپورٹ کے مطابق شرعی فیصلہ بورڈ جو تحریک مسلم شبان کے زیراہتمام چلتا ہے حافظ و قاری خالد علی خاں نے بتلایا کہ تقریباً 300سے زیادہ مقدمات کی یکسوئی جناب محمد مشتاق ملک صاحب کی نگرانی میں ہوئی جس میں 90فیصد خاندانوں میں صلح کروائی گئی۔

 شرعی فیصلہ بورڈ نے عدالتوں میں زیر دوران مقدمات سے فریقین کو دستبردار کرواکے بھی فیصلے کئے ہیں۔ صدر تحریک مسلم شبان نے تحریک کے استحکام کے لئے 6ماہ میں شہر اور رنگاریڈی میں 100 شاخوں کے قیام کے لئے کمیٹی کا اعلان کیا۔

جناب مشتاق مجاہد کنوینر تاسیس تقریب و معتمد شعبہ فکر عمل نے ابتداء میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اہم مسائل پر جہدمسلسل شبان کا امتیاز ہے۔ نظریات پر اور ملت کے مسائل پر شبان کی قیادت کو کبھی کمزور ہوتے نہیں دیکھا۔

 بے ساطی کے عالم میں بھی بہ نام خدا جدوجہد ہمار ایمان رہی ہے۔ قرأت کلام پاک حافظ و قاری خالد علی خاں نے پڑھی۔ مفتی منظور احمد نے درس قرآن میں بتلایا کہ 33 سال کی جدوجہد اللہ کا انعام ہے۔

جناب شکیل ایڈوکیٹ صدر ریاستی مسلم لیگ نے 33 ویں تاسیس کی اس تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے ملین مارچ، سکریٹریٹ مساجد کی جدوجہد کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ نظم و ضبط، ایثار و قربانی شبان کے کارکنوں میں پیدا کی گئی ہے۔

 جناب عارف قادری نے کہا کہ سابقہ وزیراعظم وی پی سنگھ، این ٹی راما راؤ پھر چندرابابو نائیڈو سے 15نکات منوانا، بابری مسجد، برقعہ کی مہم، اصلاح معاشرہ، شریعت، شعائراسلام کے تحفظ کے لئے شبان نے جہد مسلسل کی اور کررہی ہے۔

حافظ ریاض، جناب عیسیٰ، جناب عبدالحق قمر نائب صدر، جناب ایس اے منان، جناب شفاعت و دیگر نے مخاطب کیا۔ جناب ایم اے غفار نائب صدر، جناب سید سمیع، جناب سید عمران، محمد محبوب، سید مظہر حسین مرکزی اراکین کے علاوہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاقوں کی شاخوں کے ذمہ دارا، ہمدردان، عہدیداروں کی ایک بڑی تعداد صدر دفتر پر منعقدہ تقریب تاسیس میں موجود تھی۔ جناب مشتاق مجاہد نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔

a3w
a3w