ایشیاء

جماعت الدعوۃ کی نئی تنظیم کی سیاسی سرگرمیاں بحال

کوئی پانچ ماہ کے وقفہ کے بعد ممبئی حملوں کے منصوبہ ساز حافظ سعید کی ممنوعہ تنظیم جماعت الدعوۃ کے سیاسی شعبہ نے اپنی سیاسی سرگرمیاں بحال کردی ہیں۔

لاہور: کوئی پانچ ماہ کے وقفہ کے بعد ممبئی حملوں کے منصوبہ ساز حافظ سعید کی ممنوعہ تنظیم جماعت الدعوۃ کے سیاسی شعبہ نے اپنی سیاسی سرگرمیاں بحال کردی ہیں۔

اس نے پاکستانی صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں مظاہرہ کیا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ (پی ایم ایم ایل) نے جو حافظ سعید کے ممنوعہ گروپ کا نیا چہرہ سمجھی جاتی ہے‘برقی اور گیس کی شرحوں میں اضافہ اور مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کیا۔

اس نے جمعہ کے دن لاہور میں یہ مظاہرہ پاکستان مسلم لیگ نواز حکومت کے خلاف کیا۔ مظاہرین سے تابش قیوم اور مزمل اقبال ہاشمی نے خطاب کیا۔

غور طلب ہے کہ پنجاب میں مریم نواز کی حکومت نے دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے تاکہ سابق وزیراعظم عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف کو احتجاج سے روکا جائے۔

مہنگائی کے خلاف احتجاج فروری کے الیکشن کے بعد پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی پہلی کھلی سیاسی سرگرمی ہے۔

تابش قیوم نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے ملک بھر میں احتجاج کرتے رہیں گے تاکہ وہ مہنگائی پر قابو پانے کے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ نواز حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات کے بجائے بھاری ٹیکسس عائد کرکے سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا۔ پارٹی ترجمان نے کہاکہ ان کا حافظ سعید کی کسی بھی تنظیم سے کوئی لینا دینا نہیں۔