قومی

مدر ڈیری کے دودھ کی قیمتوں میں جمعرات سے فی لیٹر 2 سے 4 روپے تک اضافہ ہوگا

دہلی-این سی آر علاقے میں دودھ کی اہم سپلائی کرنے والی کمپنی مدر ڈیری نے جمعرات سے دودھ کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں فی لیٹر 2 سے 4 روپے تک اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مدر ڈیری کے سرکاری ذرائع نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔

نئی دہلی: دہلی-این سی آر علاقے میں دودھ کی اہم سپلائی کرنے والی کمپنی مدر ڈیری نے جمعرات سے دودھ کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں فی لیٹر 2 سے 4 روپے تک اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مدر ڈیری کے سرکاری ذرائع نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔


ذرائع کے مطابق آپریشنل اخراجات میں ہونے والے اضافے کی جزوی تلافی کے مقصد سے دودھ کی قیمتوں میں یہ اضافہ کیا جا رہا ہے۔

نئی قیمتیں کل سے ان تمام علاقوں میں نافذ ہوجائیں گی جہاں مدر ڈیری کا دودھ سپلائی کیا جاتا ہے۔


اس اضافے کے تحت فل کریم دودھ کی قیمت میں سب سے زیادہ 4 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کا پیکٹ 72 روپے کے بجائے اب 76 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔


وہیں، مدر ڈیری کا مقبول گائے کا دودھ 3 روپے فی لیٹر مہنگا ہوکر 62 روپے کی بجائے 65 روپے فی لیٹر میں ملے گا۔


دودھ کی دیگر اقسام کی قیمتوں میں فی لیٹر 2 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ٹوکن دودھ کی قیمت 58 روپے سے بڑھ کر 60 روپے، ٹونڈ دودھ کی قیمت 60 روپے سے بڑھ کر 62 روپے اور ڈبل ٹونڈ دودھ کی قیمت 54 روپے کی بجائے 56 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔


تاہم، قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے رابطہ کیے جانے پر مدر ڈیری کے سرکاری ترجمان نے فوری طور پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔


قابل ذکر ہے کہ سردیوں کے موسم میں قدرتی طور پر دودھ کی سپلائی میں کمی آجاتی ہے۔