بھارت

وزیراعظم نے پہلی بار وندے بھارت ٹرین کی سواری کی

جب وہ گاندھی نگر اسٹیشن پر پہنچے تو وزیر اعظم کے ساتھ گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل، گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت، ریلوے کے مرکزی وزیر اشوینی ویشنو اور ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری بھی موجود تھے ۔

احمد آباد: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز آتم نربھر بھارت کی نئی پہچان بنی ’وندے بھارت ایکسپریس ٹرین‘ کو گاندھی نگر کیپیٹل اسٹیشن پر ہری جھنڈی دکھائی اور کالوپور واقع احمد آباد اسٹیشن تک کا سفربھی کیا۔

جب وہ گاندھی نگر اسٹیشن پر پہنچے تو وزیر اعظم کے ساتھ گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل، گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت، ریلوے کے مرکزی وزیر اشوینی ویشنو اور ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری بھی موجود تھے ۔

وزیر اعظم نے وندے بھارت ایکسپریس 2.0 کے ٹرین کے ڈبوں کا معائنہ کیا اور ٹرین میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ مسٹر مودی نے وندے بھارت ایکسپریس 2.0 کے لوکوموٹیو انجن کے کنٹرول سینٹر کا بھی معائنہ کیا۔

اس کے بعد وزیر اعظم نے گاندھی نگر اور ممبئی کے درمیان وندے بھارت ایکسپریس کے نئے اور بہتر ورژن کو ہری جھنڈی دکھائی اور وہاں سے کالوپور ریلوے اسٹیشن تک اس ٹرین میں سفر کیا۔ وزیر اعظم نے اپنے ساتھی مسافروں سے بھی بات چیت کی جن میں ریلوے کے عملے کے اہل خانہ، کاروباری خواتین اور محققین اور نوجوان شامل تھے۔ انہوں نے کارکنوں، انجینئروں اور دیگر عملے سے بھی بات چیت کی جنہوں نے وندے بھارت ٹرینوں کو کامیاب بنانے کے لیےدن رات سخت محنت کی۔

گاندھی نگر اور ممبئی کے درمیان وندے بھارت ایکسپریس 2.0 ایک گیم چینجر ثابت ہونے والی ہے اور ہندوستان کے دو کاروباری مراکز کے درمیان رابطے کو فروغ دے گی۔ یہ گجرات کے کاروباری مالکان کو ممبئی کا سفر کرنے میں سہولت فراہم کرے گی اور اس میں سفر کرنے والا کوئی بھی شخص زیادہ قیمت والے ایئر لائن ٹکٹوں کا بوجھ برداشت کیے بغیر ٹرین میں دستیاب ، جہازمیں حاصل رہنے والی بہترین سہولیات کا فائدہ اٹھائے گا۔ گاندھی نگر سے ممبئی تک وندے بھارت ایکسپریس 2.0 کے یک طرفہ سفر کا وقت تقریباً 6-7 گھنٹے لگایا گیا ہے۔

وندے بھارت ایکسپریس 2.0 متعدد اعلیٰ اور ہوائی جہاز جیسے سفر سے لطف اندوز کراتی ہے۔ یہ جدید ترین حفاظتی خصوصیات سے لیس ہے جس میں مقامی طور پر تیار کردہ ٹرین کے تصادم سے بچاؤ کا نظام۔ ’کَوَچ‘ شامل ہے۔

وندے بھارت 2.0 مزید ترقی یافتہ سہولیات اور بہتر خصوصیات سے لیس ہوگا جیسے کہ صرف 52 سیکنڈ میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچنا، اور زیادہ سے زیادہ رفتار 180 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہونا۔

اصلاح شدہ وندے بھارت ایکسپریس کا وزن 392 ٹن ہوگا جب کہ اس کے پچھلے ورژن کاوزن 430 ٹن تھا۔ اس میں ضرورت پڑنے پر وائی فائی مواد کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ ہر کوچ 32″ اسکرینوں سے لیس ہے جو مسافروں کی معلومات اور انفوٹینمنٹ فراہم کرتی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں پچھلے ورژن میں ان اسکرینوں کی تعداد 24 تھی۔

وندے بھارت ایکسپریس بھی ماحول دوست ہونے جا رہی ہے کیونکہ اے سی 15 فیصد زیادہ توانائی کی بچت کرنے کے قابل ہوں گے۔ ٹریکشن موٹر کی دھول سے پاک صاف ہوا کی کولنگ کے ساتھ، سفر زیادہ آرام دہ ہو جائے گا۔

سائیڈ ریکلائنر سیٹ کی سہولت جو پہلے صرف ایگزیکٹو کلاس کے مسافروں کو فراہم کی جاتی تھی اب تمام کلاسوں کے لیے دستیاب کرائی جائے گی۔ ایگزیکٹو کوچز میں 180 ڈگری گھومنے والی نشستوں کی اضافی خصوصیت ہوتی ہے۔

وندے بھارت ایکسپریس کے نئے ڈیزائن میں، ہوا صاف کرنے کے لیے چھت پر نصب پیکیج یونٹ (آر ایم پی یو) میں فوٹو کیٹلیٹک الٹرا وائلٹ ایئر پیوریفیکیشن سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ جیسا کہ سنٹرل سائنٹیفک انسٹرومینٹس آرگنائزیشن (سی ایس آئی او) ، چندی گڑھ کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ سسٹم آر ایم پی یو کے دونوں سروں پر ڈیزائن اور انسٹال کیا گیا ہے تاکہ تازہ ہوا اور خارج ہونے والی ہوا کے ذریعے آنے والے جراثیم، بیکٹیریا، وائرس وغیرہ سے ہوا کو فلٹر اور صاف کیا جا سکے۔

یہ پہلا موقع ہے جب مسٹرمودی نے اس ٹرین میں سفر کیا ہے جسے نیو انڈیا کی نئی شناخت کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ سفر کے دوران وزیراعظم بہت پرجوش اور خوش نظر آئے۔ اس سے پہلے انہوں نے 15 فروری 19 کو پہلی وندے بھارت ٹرین کا افتتاح کیا تھا۔ لیکن وہ کبھی ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن پر سوار ہو کر نہیں گئے تھے۔

احمد آباد سے یہ ٹرین تقریباً 2 بجے ممبئی کے لیے روانہ ہوگی۔ وڈودرا اور سورت میں رک کر یہ ٹرین تقریباً 7.35 بجے ممبئی سنٹرل پہنچے گی۔ ممبئی اور گاندھی نگر کے درمیان یہ ٹرین یکم اکتوبر سے عام مسافروں کے لیے چلنا شروع ہو جائے گی۔ وندے بھارت ایکسپریس 519 کلومیٹر کا یہ سفر تقریباً ساڑھے چھ گھنٹے میں طے کرے گی۔

ریلوے کی وزارت کے مطابق، اتوار کو چھوڑ کر ہفتے میں چھ دن چلنے والی یہ 20901 ڈاؤن ٹرین ممبئی سینٹرل اسٹیشن سے صبح 6.10 بجے روانہ ہوگی۔ یہ ٹرین 8:50 بجے سورت پہنچے گی اور 8:53 بجے روانہ ہوکر 10.20 بجے وڈودرا پہنچے گی۔ پانچ منٹ کے رکنے کے 10:25 بجے روانہ ہوکر 11.35 بجے احمد آباد اور 11.40 بجے روانہ ہوکر 12.30 بجے گاندھی نگر کیپیٹل اسٹیشن پہنچے گی۔

واپسی میں 20902 گاندھی نگر کیپیٹل سے 02.05 بجے روانہ ہوگی اور 02.45 بجے احمد آباد، 5 منٹ رکنے کے بعد 04 بجے وڈودرا اور پھر 5 منٹ رکنے کے بعد 5.40 بجے سورت پہنچے گی۔ ٹرین کی اوسط رفتار 87 سے 89 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی جبکہ زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔

وندے بھارت ایکسپریس میں 16 ڈبے ہوں گے۔ ٹرین کا کرایہ ایگزیکٹو کلاس میں 955 سے 2505 روپے اور اے سی چیئر کار کا کرایہ 515 سے 950 روپے کے درمیان ہوگا۔