دہلی ایرپورٹ پر انڈیگو طیارہ کی دُم رن وے سے ٹکراگئی
رن وے نمبر 27 پر لینڈنگ کے لئے طیارہ جب نیچے آرہا تھا تو عملہ کو ایسا لگا کہ طیارہ آگے بڑھ گیا ہے۔ اس نے اوپر اٹھ کر چکر لگایا جس کے دوران طیارہ کی دم رن وے سے ٹکراگئی۔

ممبئی: دہلی کے اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران انڈیگو ایرلائنس کے ایک طیارہ کی دُم رن وے سے ٹکراگئی۔ نظامت ِ شہری ہوابازی(ڈی جی سی اے) نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ڈی جی سی اے کے ایک عہدیدار نے منگل کے دن یہ بات بتائی۔
ایرلائن نے ڈی جی سی اے کے حکم پر اُس طیارہ کے عملہ کو گراؤنڈ کردیا۔ انڈیگو نے ایک بیان میں اس واقعہ کی توثیق کی۔ 11جون کو انڈیگو طیارہ A321 نیو (پرواز 6E-6183 کولکتہ تا دہلی) کی دُم رن وے سے ٹکراگئی تھی۔
رن وے نمبر 27 پر لینڈنگ کے لئے طیارہ جب نیچے آرہا تھا تو عملہ کو ایسا لگا کہ طیارہ آگے بڑھ گیا ہے۔ اس نے اوپر اٹھ کر چکر لگایا جس کے دوران طیارہ کی دم رن وے سے ٹکراگئی۔
اس پرواز کے عملہ کو تحقیقات مکمل ہونے تک ”آف روسٹر“ کردیا گیا۔ ایرلائن نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ طیارہ میں کتنے مسافرین سوار تھے۔ طیارہ کو نقصان کا اندازہ لگانے اور مرمت کے لئے دہلی میں گراؤنڈ کردیا گیا۔