امریکہ و کینیڈا

امریکہ نے اپنے شہریوں کے لیے عالمی سفری الرٹ جاری کر دیا

محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ ایران کی حمایت کرنے والے گروہوں کی جانب سے بیرون ملک امریکی مفادات اور امریکی شہریوں پر حملوں کا خطرہ موجود ہے۔

واشنگٹن: امریکہ کے محکمہ خارجہ نے دنیا بھر میں موجود اپنے شہریوں کے لیے سفری الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں ممکنہ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ ایران کی حمایت کرنے والے گروہوں کی جانب سے بیرون ملک امریکی مفادات اور امریکی شہریوں پر حملوں کا خطرہ موجود ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سفری الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے اور خطے میں کشیدگی کسی بھی وقت اچانک بڑھ سکتی ہے۔

یہ الرٹ ایسے وقت جاری کیا گیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ دوبارہ شدت اختیار کر چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس تنازع میں دو امریکی فوجی ہلاک، ایک لاپتا جبکہ 50 ایرانی شہری مارے جا چکے ہیں۔

محکمہ خارجہ نے بالخصوص مشرق وسطیٰ میں مقیم امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، مقامی سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں اور حالات پر گہری نظر رکھیں۔

تاہم بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ امریکی شہریوں کو فی الحال کسی ملک سے انخلا یا بین الاقوامی سفر محدود کرنے کی ہدایت نہیں دی گئی ہے۔