تلنگانہ

درود شریف کی فضیلت، ہر عبادت میں قبولیت کا امکان مگر درود شریف ہمیشہ قبول ہوتا ہے: مولانا حاظ پیر شبیر احمد

انہوں نے فرمایا کہ درود و سلام ایک اعلیٰ درجہ کی دعا ہے جو اللہ تعالیٰ کے حضور میں رسول اللہ ﷺ سے اپنی ایمانی وابستگی، محبت اور وفاداری کے اظہار کے لیے کی جاتی ہے۔

حیدرآباد: جمعیۃ علماء تلنگانہ کے صدر حضرت مولانا حاظ پیر شبیر احمد صاحب نے اپنے ایک بیان میں درود شریف کی عظمت اور فضیلت پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ خبریں
اللہ کے نزدیک عزت کا معیار صرف تقویٰ ہے، مولانا حافظ پیر شبیر احمد کا بیان
مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ جماعت اسلامی ہند، راجندر نگر کا حقوق ہمسایہ ایکسپو
اللہ کی رضا مندی والدین کی رضا مندی میں ہے: حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد کا بیان
کوہ مولا علی: کویتا کا عقیدت بھرا دورہ، خادمین کے مسائل اور ترقیاتی کاموں کی سست روی پر اظہار برہمی
فراست علی باقری نے ڈاکٹر راجندر پرساد کی 141ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا

انہوں نے فرمایا کہ درود و سلام ایک اعلیٰ درجہ کی دعا ہے جو اللہ تعالیٰ کے حضور میں رسول اللہ ﷺ سے اپنی ایمانی وابستگی، محبت اور وفاداری کے اظہار کے لیے کی جاتی ہے۔ مولانا پیر شبیر احمد نے قرآن پاک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی ﷺ پر درود بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: "بے شک اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے نبی ﷺ پر رحمت بھیجتے ہیں، اے ایمان والو! تم بھی ان پر درود اور خوب سلام بھیجا کرو۔”

مولانا نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں بہت سے احکامات اور انبیاء کرام کی تعریفیں کیں، لیکن سید الکونین، فخر دو عالم حضرت محمد ﷺ کو یہ خصوصی مقام عطا کیا کہ اللہ تعالیٰ خود بھی ان پر درود بھیجتا ہے اور اپنے فرشتوں کو بھی حکم دیتا ہے کہ وہ درود بھیجیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس عظیم عمل میں مومنین کو بھی شامل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

امام قرطبیؒ اور حضرت ابن کثیر رحمہ اللہ کی تفاسیر کا حوالہ دیتے ہوئے مولانا نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس آیت کے ذریعے اپنے محبوب نبی ﷺ کی رفعت شان اور عظمت کو ظاہر کیا ہے۔ زمین و آسمان کے درمیان فضا نبی اکرم ﷺ کی تعریف سے معطر ہوتی ہے اور یہ درود و سلام کی برکت سے ہے۔

مولانا پیر شبیر احمد نے مزید کہا کہ درود شریف کی ایک امتیازی خاصیت یہ ہے کہ یہ رسول اللہ ﷺ کی قربت، ان کی خصوصی شفقت و عنایت اور اللہ کی خاص رحمت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ درود شریف کی کثرت سے پڑھنے والوں پر بے شمار رحمتیں اور سلامتیاں نازل ہوتی ہیں اور ان کے دارین کے مقاصد پورے ہوتے ہیں۔

مولانا نے یہ بھی فرمایا کہ دیگر عبادات میں قبولیت اور عدم قبولیت کا احتمال ہوتا ہے، لیکن حضور اکرم ﷺ پر درود شریف ہمیشہ قبول ہوتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں درود شریف کی کثرت کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں صحیح علم اور عمل کی توفیق دے۔ آمین۔