قومی

آج حق رائے دہی اور کل شہریت چھین لی جائے گی

چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے چہارشنبہ کے دن بی جے پی‘ مرکز اور الیکشن کمیشن کو کھل کر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں جمہوریت کی نفی کررہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگلا قدم این آر سی کے ذریعہ لوگوں کی شہریت چھیننے کی کوشش ہوسکتا ہے۔

میناگڑی (مغربی بنگال) (پی ٹی آئی) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے چہارشنبہ کے دن بی جے پی‘ مرکز اور الیکشن کمیشن کو کھل کر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں جمہوریت کی نفی کررہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگلا قدم این آر سی کے ذریعہ لوگوں کی شہریت چھیننے کی کوشش ہوسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں
بم کی دھمکی کے بعد ہماچل پردیش کے سرکاری دفاتر میں سیکورٹی سخت
بیوی نے عاشق کے ساتھ رچائی خطرناک سازش، شوہر کا قتل

ممتا بنرجی نے مغربی بنگال اسمبلی الیکشن کے لئے سیاسی لحاظ سے اہم شمالی بنگال میں اپنی انتخابی مہم شروع کرتے ہوئے یہ ریمارکس کئے۔ شمال بنگال وہ علاقہ ہے جو 2019 کے لوک سبھا الیکشن کے بعد سے بی جے پی کا مضبوط گڑھ بن کر ابھرا ہے۔ ضلع جلپائے گڑی کے میناگڑی علاقہ میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ٹی ایم سی سربراہ نے الزام عائد کیا کہ دستوری اداروں کو ایس آئی آر کے ذریعہ لوگوں کا حق ِ رائے دہی چھین لینے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔

الیکشن کمیشن‘ بی جے پی اور مرکز دستور پر عمل نہیں کررہے ہیں۔ یہ تینوں رائے دہی کا حق چھیننے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آزادی نصف شب ملی تھی اور ہمیں اس پر فخر کا احساس ہوا تھا لیکن آج یہ لوگ آزادی بھول چکے ہیں۔ یہ لوگ دستور یا جمہوریت پر عمل نہیں کررہے ہیں۔ آج یہ لوگ حق رائے دہی چھین رہے ہیں‘ کل این آر سی لاکر شہریت چھین لیں گے۔

چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ کئی برادریاں بشمول راج بنشی اور خواتین ایس آئی آر سے متاثر ہوئی ہیں۔ ایس آئی آر کے ذریعہ راج بنشی نام کاٹ دیئے گئے۔عورتوں کے نام بھی نکال دیئے گئے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ایس آئی آر کی وجہ سے بنگال میں 220 جانیں گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی عرصہ سے یہاں رہنے والوں پر غیرملکی ہونے کا ٹھپہ لگارہی ہے۔پہلے بی جے پی والوں کو ثابت کرنا چاہئے کہ وہ اس ملک کے شہری ہیں یا نہیں۔

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار‘ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کا نام لئے بغیر ممتا بنرجی نے ہجوم سے کہا کہ وہ اس جنٹلمین کو یہاں اور 2 جنٹلمین کو دہلی میں الوداع کہہ دیں۔ شمالی بنگال خاص طورپر جلپائی گڑی‘ علی پور دوار اور کوچ بہار 2019 کے لوک سبھا الیکشن میں بھگوا جماعت کے طاقتور بن کر ابھرنے کے بعد سے ٹی ایم سی اور بی جے پی کے درمیان میدان ِ جنگ بن گیا ہے۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ پٹرول کے دام بڑھتے جارہے ہیں۔ اب کہا جارہا ہے کہ گیس سلنڈر بک کرنے کے بعد 35 دن انتظار کرنا ہوگا۔ لوگ پکوان کیسے کریں گے؟۔ ٹی ایم سی سربراہ نے اپنی پارٹی کے امیدواروں سے کہا کہ وہ کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت وکیلوں کو ساتھ لے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیراقتدار آسام میں نامزدگیاں رد ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر کوئی بھروسہ نہیں۔

ہمارے امیدواروں کو چاہئے کہ وہ وکیلوں کو ساتھ لے جائیں اور ہر کاغذ کی باریکی سے جانچ کریں۔ مغربی بنگال کی 294 رکنی اسمبلی کے لئے 2 مرحلوں میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ نتائج کا اعلان 4مئی کو ہوگا۔