سعودی عرب میں موسم کا نیا رنگ، شدت کی گرمی اور سردی ایک ساتھ، حیران کن منظر
محکمہ موسمیات کے مطابق، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ساحلی علاقوں میں آج مطلع غبار آلود رہے گا، جبکہ ریاض اور مشرقی ریجن میں بھی اسی قسم کی کیفیت متوقع ہے۔

ریاض: سعودی عرب میں حالیہ دنوں میں موسم کا نیا اور غیر معمولی منظر دیکھنے کو ملا ہے، جہاں ایک طرف ملک کے متعدد علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، وہیں دوسری طرف کچھ علاقے سردی کا سامنا کر رہے ہیں۔
سعودی عرب میں کچھ شہر اس وقت جھلسا دینے والی گرمی کا شکار ہیں، جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ رہا ہے۔ ان شہروں میں الاحسا، حفر الباطن، تنہات، دہنا، اور صمان شامل ہیں۔ مکہ مکرمہ، دمام، المجمعہ، ینبع، ریاض، بریدہ، الخرج، وادی الدواسر، اور رفحا میں بھی درجہ حرارت 45 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہا۔
دوسری طرف، سعودی عرب کے سرد ترین علاقے السودہ میں درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ابہا میں درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ الباحہ، طائف، القریات،اورطریق میں درجہ حرارت 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ساحلی علاقوں میں آج مطلع غبار آلود رہے گا، جبکہ ریاض اور مشرقی ریجن میں بھی اسی قسم کی کیفیت متوقع ہے۔ بحرہ اور جموم میں گرد و غبار کے باعث حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے اور ہوا کی رفتار 40 سے 49 کلو میٹر فی گھنٹہ رہے گی۔
گزشتہ ماہ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا سامنا رہا، جس کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی اور کئی انسانی جانیں بھی ضائع ہوئیں۔
یہ موسم کی انتہائی متضاد کیفیت سعودی عرب میں آب و ہوا کے بارے میں جاری بے یقینی کی عکاسی کرتی ہے اور شہریوں کو شدید موسم کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔