قومی

تین طلاق کیس، ملزمین کیخلاف کارروائی پر ہائی کورٹ کا حکم التوا

الٰہ آباد ہائی کورٹ نے 3 طلاق کیس کے ملزمین کے خلاف مزید کارروائی روک دی ہے اور فریق مخالفت کو نوٹس جاری کردی ہے۔

پریاگ راج(یوپی) (پی ٹی آئی) الٰہ آباد ہائی کورٹ نے 3 طلاق کیس کے ملزمین کے خلاف مزید کارروائی روک دی ہے اور فریق مخالفت کو نوٹس جاری کردی ہے۔

جسٹس وکرم ڈی چوہان‘شاہد رضا اور دیگر 2 ملزمین کی درخواستوں کی سماعت کررہے تھے جن میں اس تمام کارروائی اور 22 جون 2024 کو داخل کی گئی چارج شیٹ کے علاوہ 10 جولائی 2025 کو ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی جانب سے اس کیس میں جاری کئے گئے سمنوں کو کالعدم کرنے کی گزارش کی گئی تھی۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے بتایا کہ وہ شیعہ برادری سے تعلق رکھتے ہیں جس میں 3 طلاق یا طلاق ِ بدعت پر عمل نہیں کیا جاتا جس کی صراحت مسلم خواتین (تحفظ بر حقوق شادی) قانون 2019 کی دفعہ 2(c) میں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے مطابق درخواست گزار شاہد رضا نے اپنی بیوی (فریق مخالف نمبر 2) کو 3 طلاق دی تھی۔

انہوں نے دلیل پیش کی کہ ہندوستانی مسلمانوں کے دو بڑے فرقے ہیں سنی اور شیعہ اور یہ کیس صرف سنیوں سے تعلق رکھتا ہے کیونکہ شیعہ برادری 3 طلاق کو علیحدگی کی قابل ِ قبول شکل تسلیم نہیں کرتی۔ عدالت نے اپنے احکام مورخہ 18 ستمبر میں کہا کہ یہ معاملہ غوروخوض کا متقاضی ہے۔

فریق نمبر 2 کو نوٹس جاری کریں اور اس کیس کی مزید سماعت 12 دسمبر 2025 کو مقرر کی جائے۔ مخالف فریقین اندرون 3 ہفتے جوابی حلف نامہ داخل کرسکتے ہیں۔ مقدمہ کی آئندہ تاریخ سماعت تک اس کیس میں درخواست گزاروں کے خلاف مزید کارروائی پر حکام التوا جاری کیا جاتا ہے۔