حیدرآباد

تلنگانہ میں دوبارہ ٹی آرایس کی حکومت بنے گی، کے سی آر چیف منسٹر ہوں گے: کے ٹی آر

کے ٹی آر نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ فلاحی پروگراموں کامقصد غریبوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کلیانا لکشمی، آسرا وظائف،کے سی آر کٹ جیسی مختلف اسکیموں سے ریاست بھر میں لاکھوں افراد کی مدد کررہی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں دوبارہ ٹی آرایس کی حکومت بنے گی اور کے چندرشیکھرراو وزیراعلی ہوں گے۔ وزیر موصوف نے شہرحیدرآباد کے ایل بی نگر میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں گزشتہ ساڑھے آٹھ سالوں سے چندرشیکھرراو کی قیادت میں حکومت کام کررہی ہے۔ ترقی اور فلاح و بہبود اس کے دو مقاصد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایل بی نگر حلقہ میں 55 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروگرام شروع کرنے پر خوش ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ فلاحی پروگراموں کامقصد غریبوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کلیانا لکشمی، آسرا وظائف،کے سی آر کٹ جیسی مختلف اسکیموں سے ریاست بھر میں لاکھوں افراد کی مدد کررہی ہے۔

 دوسری طرف چندرشیکھرراو کی قیادت میں تلنگانہ نے ہندوستان کے سامنے ایک نیا جامع ماڈل متعارف کرایا ہے جس میں شہری ترقی، صنعت، ماحولیات، زراعت، آئی ٹی کے شعبوں کی ترقی بھی شامل ہے۔وزیرموصوف نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ناگول اور ایل بی نگر تک میٹرو مکمل ہوچکی ہے۔

دوسرے مرحلے میں ہم ناگول اور ایل بی نگر کے درمیان پانچ کلومیٹر کے راستے کو جوڑنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات کے بعد ایل بی نگر سے حیات نگر تک میٹرو کو توسیع دی جائے گی۔