شمال مشرق
قرآن شریف میں چھپاکر سم کارڈ جیل کے اندر پہنچانے کی کوشش
اس کارروائی کے دوران گرفتار ٹی این زین الدین کا باپ‘ بہو اور پوتے کے ساتھ زین الدین سے ملنے جیل آیا تھا۔ تفصیلی جانچ میں پولیس نے پایا کہ قرآن ِ مجید کی جلد کے اندر ایک سم کارڈ موجود ہے۔

ترواننت پورم: کیرالا پولیس نے ضلع تھروسور کی کڑے پہرہ والی ویور جیل میں بند پی ایف آئی کارکن کے رشتہ داروں کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ ان پر قرآن ِ مجید میں چھپاکر ایک سم کارڈ جیل کے اندر پہنچانے کی کوشش کا الزام ہے۔ پولیس کے بموجب واقعہ 31 اکتوبر کا ہے۔
گزشتہ ماہ امتناع کے بعد پی ایف آئی قائدین کی پکڑدھکڑ شروع ہوئی تھی۔ اس کارروائی کے دوران گرفتار ٹی این زین الدین کا باپ‘ بہو اور پوتے کے ساتھ زین الدین سے ملنے جیل آیا تھا۔ تفصیلی جانچ میں پولیس نے پایا کہ قرآن ِ مجید کی جلد کے اندر ایک سم کارڈ موجود ہے۔
جیل سربراہ کی شکایت پر پولیس نے تینوں کے خلاف کیس درج کرلیا۔ تحقیقات جاری ہیں۔ زین الدین کا تعلق پہاڑی ضلع ادوکی سے ہے۔ پولیس اب یہ پتہ چلانے کی کوشش میں ہے کہ سم کارڈ کس کے نام پر ہے۔ اسی دوران این آئی اے نے بھی معاملہ کا نوٹ لیا ہے۔