تلنگانہ گریجویٹ ایم ایل سی رائے دہندوں کی مسودہ فہرست جاری
ریاستی الیکشن کمیشن نے ریاست تلنگانہ کے دو گریجویٹ ایم ایل سی حلقوں کیلئے رائے دہندوں کی فہرست کا مسودہ جاری کیا ہے۔ جس میں اضلاع محبوب نگر، حیدرآباد، رنگاریڈی اور ورنگل، کھمم، نلگنڈہ حلقوں کیلئے فہرست شائع کی گئی ہے۔
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) ریاستی الیکشن کمیشن نے ریاست تلنگانہ کے دو گریجویٹ ایم ایل سی حلقوں کیلئے رائے دہندوں کی فہرست کا مسودہ جاری کیا ہے۔ جس میں اضلاع محبوب نگر، حیدرآباد، رنگاریڈی اور ورنگل، کھمم، نلگنڈہ حلقوں کیلئے فہرست شائع کی گئی ہے۔
اس پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ دو حلقوں میں جملہ 12,69,191 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ان میں سے جملہ 11,89,191 درخواستیں اہل پائی گئی ہیں۔ جبکہ80,635 درخواستیں نااہل قرار دے کر مسترد کردی گئی۔
محبوب نگر، حیدرآباد، رنگاریڈی میں 5,68,105 اہل رائے دہندے ہیں جبکہ ورنگل، کھمم، نلگنڈہ میں 6,21,086 اہل رائے دہندے ہیں۔ دونوں حلقوں میں جملہ7,10,652 مرد رائے دہندے اور4,78,528 خواتین رائے دہندے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے جملہ1703 پولنگ اسٹیشنوں کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے ڈرافٹ لسٹ پر اعتراضات اور درخواستوں کیلئے10 دسمبر آخری تاریخ مقرر کی ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ اہل گریجویٹس جن کے نام فہرست میں نہیں ہیں‘ وہ فارم18 کے ذریعہ درخواستیں دے سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ان کی تفصیلات کیلئے فارم 8 اور ناموں کے حذف کرنے پرا عتراضات کیلئے فارم7جمع کرایا جائے۔
سی ای او نے کہا کہ تمام تفصیلات کے ساتھ رائے دہندوں کی فہرست تلنگانہ کے ویب سائٹ ceotelanganenic.in پر دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ25 دسمبر تک تمام اعتراضات کو دور کردیا جائے گا۔رائے دہندگان کی حتمی فہرست 30 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔