الہان عمر سے راہول گاندھی کی ملاقات پر مرکزی وزیر پیوش گوئل کا اعتراض
مرکزی وزیر تجارت و صنعت نے ہندوستان کے خلاف پروپگنڈہ کرنے والوں سے راہول گاندھی کی ملاقات پر اعتراض کیا۔ سابق صدر کانگریس نے کئی امریکی قانون سازوں بشمول الہان عمر‘ رو کھنہ اور دیگر سے منگل کے دن ملاقات کی تھی۔
نئی دہلی: قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی کو امریکہ میں اپنے بیانات کے لئے بی جے پی کی برہمی کا سامنا ہے۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے چہارشنبہ کے دن کانگریس قائد پر تنقید کی کہ وہ ان کے بقول ملک اور اپنے ہم وطنوں کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کررہے ہیں۔
پیوش گوئل‘ حکومت اور آر ایس ایس پر راہول گاندھی کے تابڑتوڑ الزامات کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس رکن پارلیمنٹ بیرونی سرزمین پر اپنے ملک کو بدنام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے ملک کو کئی مرتبہ بدنام کیا ہے۔
وہ ہندوستان اور ہندوستانیوں کے خلاف فیک نیوز اور پروپگنڈہ مشین بن گئے ہیں۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت نے ہندوستان کے خلاف پروپگنڈہ کرنے والوں سے راہول گاندھی کی ملاقات پر اعتراض کیا۔ سابق صدر کانگریس نے کئی امریکی قانون سازوں بشمول الہان عمر‘ رو کھنہ اور دیگر سے منگل کے دن ملاقات کی تھی۔
کانگریس کے سوشل میڈیا ہینڈل سے ان ملاقاتوں کی تصاویر شیئر کی گئیں۔ پیوش گوئل نے کہا کہ راہول گاندھی نے الہان عمر سے ملاقات کی جو مخالف ہند پروپگنڈہ کرتی رہتی ہیں۔ وہ پاکستان نواز ہیں۔ ایسی مخالف ہند طاقتیں جو اسلامک اسٹیٹ اور اخوان المسلمین کی ساتھی ہیں‘ کانگریس پارٹی کی دوست بن چکی ہیں۔