اردو اکیڈمی جدہ کے وفد کی قونصل جنرل ہند سے ملاقات، سرگرمیوں اور آئندہ منصوبوں پر تبادلۂ خیال
اردو اکیڈمی جدہ کے ایک نمائندہ وفد نے حال ہی میں قونصل جنرل ہند برائے جدہ، عزت مآب محمد فہد خان سوری سے قونصل خانۂ ہند جدہ میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں اکیڈمی کی ادبی و تعلیمی سرگرمیوں، سالانہ کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سعودی عرب: اردو اکیڈمی جدہ کے ایک نمائندہ وفد نے حال ہی میں قونصل جنرل ہند برائے جدہ، عزت مآب محمد فہد خان سوری سے قونصل خانۂ ہند جدہ میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں اکیڈمی کی ادبی و تعلیمی سرگرمیوں، سالانہ کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد میں اکیڈمی کے سرپرست، سعودی تاجر محمد عبدالقدیر حسن صدیقی، نائب صدر سید محمد خالد حسین مدنی، معتمد سید نعیم الدین باری، نائب معتمد ڈاکٹر مرزا قدرت نواز بیگ اور فارس عبدالقدیر صدیقی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران اکیڈمی کے ذمہ داران نے سلور جوبلی تقریبات کی جامع رپورٹ پیش کی، جس میں طلبہ کے مقابلے، ادبی نشستیں اور اردو زبان کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی احاطہ شامل تھا۔ وفد نے بتایا کہ سلور جوبلی کے موقع پر منعقدہ خصوصی پروگراموں کو ادبی و سماجی حلقوں میں زبردست پذیرائی حاصل ہوئی اور یہ سرگرمیاں جدہ میں اردو زبان و ادب کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔
وفد نے آئندہ سال کے پروگراموں اور پالیسی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی، جن میں بین الاقوامی مشاعرہ، نصابی و لسانی تربیت کے نئے کورسز، ممتاز ادبی شخصیات کی یاد میں خصوصی نشستیں اور نوجوان نسل کے لیے جدید پلیٹ فارم کے ذریعے اردو سیکھنے کے پروگرام شامل ہیں۔
قونصل جنرل محمد فہد خان سوری نے اردو اکیڈمی جدہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدہ میں اردو زبان کی ترویج کے لیے اکیڈمی کا کردار قابلِ صد تحسین ہے۔ انہوں نے اکیڈمی کے اقدامات پر اطمینان اور خوشنودی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر قونصل جنرل کو اردو اکیڈمی کی جانب سے سلور جوبلی مومنٹو بھی پیش کیا گیا۔ آخر میں وفد نے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ قونصل خانہ مستقبل میں بھی اردو زبان و ادب کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔