شرمیلا کی وائی ایس آر ٹی پی کا عنقریب کانگریس میں انضمام!
کانگریس میں شمولیت کے بعد شرمیلا حلقہ اسمبلی پالیرو سے مقابلہ کریں گی تاہم کانگریس اور وائی ایس آر ٹی پی نے انضمام کی حتمی تاریخ کو قطعیت نہیں دی ہے۔

حیدرآباد: سیاست داں وائی ایس شرمیلا کی وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کاکانگریس میں انضمام متوقع ہے۔ شرمیلا نے رواں ہفتہ سونیاگاندھی کی موجودگی میں کانگریس میں شامل ہونے کی تیاریاں کرلی ہیں۔
وائی ایس شرمیلا نے غیر مشروط طورپرکانگریس میں شمولیت کا گرین سگنل دے دیا ہے۔ انہوں نے پہلے ہی اپنے حامیوں‘مداحوں اورپارٹی قائدین سے اس سلسلہ میں راے جاننے کا عمل پورا کرلیا ہے۔ کانگریس میں شمولیت کے بعد شرمیلا حلقہ اسمبلی پالیرو سے مقابلہ کریں گی تاہم کانگریس اور وائی ایس آر ٹی پی نے انضمام کی حتمی تاریخ کو قطعیت نہیں دی ہے۔
بتایا جاتاہے کہ انضمام کے مسئلہ پر شرمیلا نے اب تک اپنا کوئی ردعمل کااظہار نہیں کیا ہے۔ قبل ازیں متحدہ ریاست کے سابق چیف منسٹرواپنے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی یوم پیدائش تقاریب کے موقع پر یہ خبریں گردش کرنے لگی تھیں کہ شرمیلا اپنی پارٹی کوکانگریس میں ضم کرنے کی تیاریاں کرلی ہیں۔
اس وقت ایسی خبریں بھی آنے لگی تھیں کہ راہول گاندھی اپنی والدہ سونیا گاندھی کے ساتھ راج شیکھر ریڈی کو خراج پیش کرنے کے لئے ایڈوپولاپایا ضلع کڑپہ آنے والی ہیں۔