امریکہ، ہندوستان سے روسی تیل خریدنے کی بھیک مانگ رہا ہے: ایران
ایران نے ہفتہ کے دن امریکہ پر الزام عائد کیا کہ روسی تیل کے معاملہ میں اس نے دُہرا معیار اختیار کررکھا ہے۔ واشنگٹن اب اُن ممالک سے روسی تیل خریدنے کی منت سماجت کررہا ہے جنہیں اس نے پہلے دباؤ اور پابندیوں کے ذریعہ روسی تیل خریدنے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔
تہران (آئی اے این ایس) ایران نے ہفتہ کے دن امریکہ پر الزام عائد کیا کہ روسی تیل کے معاملہ میں اس نے دُہرا معیار اختیار کررکھا ہے۔ واشنگٹن اب اُن ممالک سے روسی تیل خریدنے کی منت سماجت کررہا ہے جنہیں اس نے پہلے دباؤ اور پابندیوں کے ذریعہ روسی تیل خریدنے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔
ایکس پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ پر تنقید کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکہ نے ہندوستان کو روس سے تیل خریدنے سے روکنے کے لئے دباؤ ڈالنے کئی ماہ صرف کئے تھے لیکن اب اس کے موقف میں تبدیلی آگئی ہے کیونکہ ایران کے ساتھ جنگ نے عالمی توانائی مارکٹ میں اتھل پتھل مچادی ہے۔
عراقچی نے لکھا کہ ایران کے ساتھ 2 ہفتوں کی جنگ کے بعد وائٹ ہاؤز اب دنیا سے‘ہندوستان سے بھیک مانگ رہا ہے کہ بھائی روسی تیل خریدو۔ انہوں نے یوروپین ممالک پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ممالک‘ ایران کے خلاف ”غیرقانونی“ جنگ کی تائید کررہے ہیں۔ انہیں توقع ہے کہ اس سے انہیں روس کے ساتھ ان کے ٹکراؤ میں امریکہ کی زبردست حمایت حاصل ہوگی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے ریمارکس کے ساتھ اخبار فینانشیل ٹائمس کی سرخی بھی شیئر کی۔ اخبار نے خبر دی کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھنے سے روس کی آمدنی بڑھ گئی ہے۔