امریکہ و کینیڈا

وائٹ ہاؤز میں ہند۔پاک جنگ سے متعلق ٹرمپ کا چونکا دینے والا انکشاف (ویڈیو)

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یہ سنسنی خیز دعویٰ کرتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا کہ 22  اپریل کے پہلگام حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے حالیہ مسلح ٹکراؤ میں 5 لڑاکے طیارے مارگرائے گئے۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یہ سنسنی خیز دعویٰ کرتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا کہ 22  اپریل کے پہلگام حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے حالیہ مسلح ٹکراؤ میں 5 لڑاکے طیارے مارگرائے گئے۔

ہندوستان نے پاکستان اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لئے آپریشن سندور شروع کیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے جمعہ کے دن وائٹ ہاؤز میں ریپبلکن قانون سازوں کے ساتھ پرائیوٹ ڈنر میں جو ریمارکس کئے اس سے 2 نیوکلیر ہمسایہ ممالک کے درمیان مئی کی شروعات میں 4 روزہ مسلسل فوجی کشیدگی کے تعلق سے پھر سے بحث شروع ہوگئی۔

امریکی صدر نے یہ واضح نہیں کیا کہ کس ملک کے کتنے جہاز گرے۔ انہوں نے اپنے دعویٰ کی تائید میں کوئی ثبوت بھی نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ طیارے مارگرائے گئے۔پانچ‘ پانچ‘ چار یا پانچ لیکن میرے خیال میں درحقیقت 5 طیارے مارگرائے گئے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکہ نے معاشی حوالہ دے کر کشیدگی دور کرنے میں رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی جنگیں روکیں اور ہند۔ پاک کی یہ جنگ سنگین تھی۔ دونوں ممالک نیوکلیر طاقت ہیں اور یہ ایک دوسرے پر حملہ آور تھے۔ یہ نئی قسم کی جنگ لگ رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حال میں ہم نے ایران کے ساتھ کیا کیا۔ہم نے اس کی نیوکلیر صلاحیت پر وار کیا لیکن ہندوستان اور پاکستان کی جنگ پھیلتی جارہی تھی۔ ہم نے تجارت کے حوالہ سے یہ مسئلہ حل کیا۔ ہم نے کہہ دیا کہ اگر تم کو تجارتی معاملت کرنی ہے تو پھر جھگڑا ختم کرنا ہوگا اور ہم نے تجارت کے ذریعہ مسئلہ حل کردیا۔ ہندوستان میں صدر ٹرمپ کے دعویٰ کو شبہ کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

ہندوستان کا ماننا ہے کہ امریکہ کے بشمول کسی بھی بیرونی طاقت نے ثالثی نہیں کی۔ ہندوستانی عہدیداروں کا باربار کہنا ہے کہ نئی دہلی اور اسلام آباد نے مسئلہ کی باہمی یکسوئی کرلی۔ انہوں نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ واشنگٹن کے تجارتی دباؤ نے فیصلہ کن رول ادا کیا۔ ہندوستان کا آپریشن سندور 7 مئی کی رات میں شروع ہوا تھا۔

ہندوستانی مسلح افواج‘ فوج‘ فضائیہ اور بحریہ نے خط ِ قبضہ پر اور پاکستان اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے اندر دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے بہتر تال میل کے ساتھ یہ حملے کئے تھے۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ اس کا ایک بھی لڑاکا طیارہ نہیں گرا۔ 11 مئی کو ایرمارشل اے کے بھارتی نے کھلے عام کہا تھا کہ تمام ہندوستانی پائلٹ بحفاظت لوٹ آئے۔