کھیل

ویبھو سوریہ ونشی کی طوفانی سنچری، ہندوستان کا 411 رن کا ہمالیائی اسکور

ویبھو سوریہ ونشی نے اپنی اننگز کے دوران صرف 80 گیندوں پر 15 چوکوں اور 15 چھکوں کی مدد سے 175 رن بنائے

ہرارے : ویبھو سوریہ ونشی (175) کی جارحانہ سنچری، کپتان آیوش مہاترے (53) اور ابھیگیان کنڈو (40) کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت ہندوستان نے جمعہ کو انڈر-19 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 9 وکٹوں کے نقصان پر 411 رن کا ہمالیائی اسکور بنایا ہے۔

ویبھو سوریہ ونشی نے اپنی اننگز کے دوران صرف 80 گیندوں پر 15 چوکوں اور 15 چھکوں کی مدد سے 175 رن بنائے۔ ان کی موجودگی میں ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ ٹیم انڈیا 500 رن کا ہندسہ عبور کر لے گی، تاہم انگلینڈ نے آخری 10 اوورز میں اچھی واپسی کی۔ اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا، لیکن چوتھے ہی اوور میں ایرن جارج (9) کی وکٹ گر گئی۔ اس کے بعد ویبھو اور کپتان آیوش مہاترے نے دوسری وکٹ کے لیے 142 رنز کی برق رفتار شراکت قائم کی۔ آیوش مہاترے 51 گیندوں پر 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ویبھو سوریا ونشی نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور محض 55 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ 26 ویں اوور میں آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے انڈر-19 کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس کے علاوہ وہ یوتھ ون ڈے میں سب سے زیادہ 1412 رن بنانے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں، انہوں نے وجے جول (1404 رن) کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ویبھو کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور رنز کی رفتار کچھ سست پڑ گئی۔ وہان ملہوترا نے 36 اور ابھیگیان کنڈو نے 40 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا۔ آخری اوور میں کنشک چوہان نے 18 رنز بٹور کر اسکور کو 400 کے پار پہنچایا، وہ 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز منٹو نے تین جبکہ سیبسٹین مورگن اور ایلکس گرین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔مینی لمسڈن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔