تلنگانہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں کمی
تلنگانہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، ٹماٹر کی قیمت جو ڈیڑھ ماہ قبل 200 روپے فی کلو تھی، اب رعیتوبازاروں میں گھٹ کر 15 روپے اور کھلے بازاروں میں 20 روپے تا25 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، ٹماٹر کی قیمت جو ڈیڑھ ماہ قبل 200 روپے فی کلو تھی، اب رعیتوبازاروں میں گھٹ کر 15 روپے اور کھلے بازاروں میں 20 روپے تا25 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
مارچ میں ہری مرچ کی قیمت 200 روپے تک تجاوز کر گئی تھی لیکن اب منڈیوں میں یہ 25 روپے فی کلو میں مرچ دستیاب ہے۔ فصلوں کی کٹائی کے سبب ریاست سبزیاں ایک بار پھر سستی ہو رہی ہیں۔
موسم گرما میں غیر موسمی بارش اور جون میں مانسوں کی صورتحال سے سبزیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچاتھا۔ پیداوار میں نمایاں کمی کی وجہ سے جون کے دوسرے ہفتے سے ریاست میں سبزیوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا۔
ابتدا میں ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ ہوا جس کا ا ثر دیگر سبزیوں کی قیمتوں پر بھی پڑا۔ جون کے تیسرے ہفتے تک ایک کلو ٹماٹر 100 روپے ہوگیا تھا۔
اس کی قیمت بڑھ کر 200 روپے تک پہنچ گئی تھی۔ اگست کے دوسرے ہفتے تک قیمت جوں کی توں رہی، بعد ازاں اس میں کمی آنا شروع ہوگئی ۔ محبوب نگر، وقار آباد، سنگاریڈی، سدی پیٹ، رنگاریڈی، کریم نگر، ناگر کرنول، میدک، ورنگل، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، نرمل، نظام آباد اور کاماریڈی اضلاع میں سبزیاں اگائی جا تی ہیں۔
یہ زیادہ تر سبزیاں حیدرآباد کے مہدی پٹنم بازار میں روزانہ فروخت کی جاتی ہیں۔