متاثرین کو میٹرو اسٹیشن میں دکانات کے قیام کی اجازت دی جائے۔ اسدالدین اویسی کا مطالبہ (ویڈیو)
رکن پارلیمنٹ حیدرآباد وصدرکل ہند مجلس اتحادالمسلمین اسدالدین اویسی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ میٹروریل کی تعمیر کیلئے جن کی جائیدادیں حاصل کی گئی ہیں انہیں میٹرو اسٹیشن میں دکانات کھولنے کی ترجیحی بنیاد پر اجازت دیں۔
حیدرآباد: رکن پارلیمنٹ حیدرآباد وصدرکل ہند مجلس اتحادالمسلمین اسدالدین اویسی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ میٹروریل کی تعمیر کیلئے جن کی جائیدادیں حاصل کی گئی ہیں انہیں میٹرو اسٹیشن میں دکانات کھولنے کی ترجیحی بنیاد پر اجازت دیں۔
انہوں نے مہاتما گاندھی بس اسٹانڈ تا فلک نما میٹرو ریل پروجیکٹ کے کام کا آغاز کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ اسدالدین اویسی نے آج حیدرآباد کلکٹریٹ میں میٹرو ریل کیلئے جائیدادیں حوالے کرنے والے 40 افراد کو معاوضہ کی رقم کے چیکس حوالے کئے۔ اس موقع پر میٹروریل کے ایم ڈی این وی ایس ریڈی، کلکٹر حیدرآباد انودیپ دوریشٹی اور دیگر موجود تھے۔
رکن پارلیمن اسدالدین اویسی نے کہاکہ متحدہ آندھراپردیش کے دور حکومت میں سابق چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کا آغاز کرنے کا منصوبہ بنایاتھا لیکن فنڈس کی کمی سے اس پراجکٹ کا آغاز نہیں ہوسکا۔ اس کے بعد سابق وزرائے اعلیٰ وائی ایس آر، کے روشیا اور کرن کمارریڈی نے اس پروجیکٹ پر توجہ نہیں دی۔
تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے پرانے شہر میں میٹروریل کے تعمیری کاموں کے آغاز پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے موجودہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پرانے شہر میں میٹروریل کے تعمیری کام کا آغاز کرنے کیلئے خصوصی دلچسپی لی۔ اُنہوں نے کہاکہ میٹرو ریل اسٹیشن میر عالم منڈی اور سالارجنگ میوزیم کے قریب تعمیر کیا جائے گا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاحوں کو سہولت پہونچانے کیلئے ان دونوں اسٹیشن کے پاس اسکائی واک تعمیر کروائیں۔ انہوں نے کہاکہ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا فلک نما 7.5 کیلو میٹر طویل میٹرو ریل لائن ڈالی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے اندرون 4 سال جنگی بنیادوں پر تعمیری کام مکمل کرنے کی درخواست کی۔ ایم ڈی میٹروریل این وی ایس ریڈی نے کہاکہ حیدرآباد کا پرانا شہر ہی ا صل شہر ہے۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نئے شہر کی طرح پرانے شہر کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میٹروریل پروجیکٹ کے تعمیری کام سے قبل سڑکوں کو چوڑا کیاجائے گا۔
عوام کی سہولت کیلئے فٹ پاتھ بھی تعمیر کئے جائیں گے کلکٹر حیدرآباد انودیپ دورشیٹی نے کہاکہ حکومت کی جانب سے میٹروریل کے متاثرین کو 81 ہزارروپئے مربع گز سے اراضی حاصل کی جارہی ہے۔ اس تعمیری کام کیلئے 11 سو جائیدادیں متاثر ہوں گی۔آج 40 متاثرین میں 18.63 کروڑ روپئے بطور معاوضہ رقم جاری کئے گئے ہیں۔